اسرائیل کے نومنتخب وزیر اعظم کا ابوظبی کے ولی عہد کو ٹیلی فون، عید الاضحی کی مبارک باد دی

نفتالی بینیٹ اور شیخ محمدزاید نے عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 جولائی 2021 10:34

اسرائیل کے نومنتخب وزیر اعظم کا ابوظبی کے ولی عہد کو ٹیلی فون، عید الاضحی کی مبارک باد دی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی 2021ء ) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ سال معاہدہ ابراہیم طے پانے کے بعد خوشگوار تعلقات کا آغاز ہوا تھا۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاشی، طبی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں کئی سمجھوتے طے پائے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بھی ایک ارب ڈالر سے بڑھ گیا ہے۔ دونوں ممالک کے طالب علم بھی ایک دوسرے کے ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

ان تعلقات کا آغاز اسرائیل کے سابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دور سے ہوا ہے۔ جن کی وزارت عظمیٰ کا دور گزشتہ ماہ ختم ہو گیا اور ان کی جگہ نفتالی بینیٹ نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اُٹھایا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق اسرائیلی نومنتخب وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے اماراتی اعلیٰ حکام سے پہلی مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

نفتالی بینیٹ نے ابوظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کھے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النھیان کوفون کیا۔

اس موقع پراماراتی ولی عہد نے انہیں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی مسائل کا جائزہ لیا اور خصوصاً خلیجی خطے کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کے عمل کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی۔انہوں نے امارات اور اسرائیل کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر بھی بات کی اور تعلقات اور تجارت کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اسرائیلی وزیر نے شیخ محمد بن زاید کو عید الاضحی کی مبارک باد دی اور اماراتی مملکت اور عوام کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ شیخ محمد زاید نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ مستقبل میں مل کر دُنیا اور خطے کے لوگوں کے مفاد میں امن و استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں