یو اے ای نے ابوظہبی آنے کے لیے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کردی

19 ستمبر سے ابوظہبی میں داخل ہونے کے لیے کسی کوویڈ 19 ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی ، اس کا اطلاق غیر ملکی رہائشیوں ، اماراتی شہریوں اور سیاحوں پر متحدہ عرب امارات میں سفر کے لیے ہوگا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 ستمبر 2021 12:48

یو اے ای نے ابوظہبی آنے کے لیے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کردی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 ستمبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی آنے کے لیے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کردی ، 19 ستمبر سے ابوظہبی میں داخل ہونے کے لیے کسی کوویڈ 19 ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی ، اس کا اطلاق غیر ملکی رہائشیوں ، اماراتی شہریوں اور سیاحوں پر متحدہ عرب امارات میں سفر کے لیے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ابوظہبی میں داخل ہونے کے لیے کورونا ٹیسٹ کی شرط 19 ستمبر بروز اتوار ختم کردی جائے گی ، نئی پالیسی کا اطلاق صرف متحدہ عرب امارات کے اندر سفر کرنے پر ہوگا۔

ابوظہبی میڈیا آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات میں کوویڈ 19 کے مثبت مریضوں کی شرح میں کمی کے بعد کیا گیا ہے ، کیوں کہ ملک اب عالمی وباء کے مجموعی کورونا ٹیسٹوں میں سے مثبت نتیجے کی شرح صرف 0.2 فیصد رہ گئی ہے جس کی وجہ سے اب یو اے ای کے رہائشیوں ، سیاحوں یا دیگر امارات سے ابوظہبی جانے والے شہریوں کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ کل بروز 19 ستمبر سے کورونا ٹیسٹ کے نتائج پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دبئی ایکسپو 2020 میں آنے والوں میں سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کو مفت پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دے دی گئی ، منتظمین کی جانب سے عالمی میلے کو دیکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے وزیٹرز کا یا تو کوویڈ 19 کے خلاف ویکسی نیشن مکمل ہونا ضروری ہے یا 72 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا ہوگی ، غیر ویکسی نیشن شدہ افراد کے لیےایکسپو ون ڈے یا ملٹی ڈے پاس کے ساتھ کسی بھی درست ایکسپو 2020 ٹکٹ پر پی سی آر ٹیسٹ مفت ہوگا۔

ایکسپو منتظمین کی جانب سے اعلان کردہ تازہ ترین حفاظتی پروٹوکولز میں کہا گیا ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی میں آنے والے ایسے افراد جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے ان کے لیے کورونا ویکسی نیشن یا منفی پی سی آر ٹیسٹ کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہوگا ، ایکسپو وزیٹرز کو یو اے ای حکومت کی طرف سے تسلیم شدہ کوئی بھی ویکسین لگوانا ہوگی یا پچھلے 72 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر ٹیسٹ کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں