متحدہ عرب امارات کا کورونا کے ساتھ ایک اور وائرس کی ویکسین مفت لگانے کا اعلان

ایسے افراد جنہیں نزلہ زکام کی بیماری لگنے کا خطرہ زیادہ ہے انہیں فری میں فلو ویکسین لگائی جائے گی ، ہ دیگر افراد نجی و سرکاری ہیلتھ سینٹرز سے 50 درہم کے عوض فلو ویکسین لگوا سکتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 ستمبر 2021 14:59

متحدہ عرب امارات کا کورونا کے ساتھ ایک اور وائرس کی ویکسین مفت لگانے کا اعلان
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات نے عالمی وباء کورونا کے ساتھ ایک اور وائرس کی ویکسین مفت لگانے کا اعلان کردیا ، ایسے افراد جنہیں نزلہ زکام کی بیماری لگنے کا خطرہ زیادہ ہے انہیں فری میں فلو ویکسین لگائی جائے گی۔ اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق یو اے ای کی وزارت صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رواں ماہ سے ہی فلو لگنے کا زیادہ خطرہ والے ہائی رسک میں شامل افراد کی نزلہ زکام کی ویکسی نیشن فری میں ہوگی ، ہائی رسک والے افراد میں حاملہ خواتین ، 5 سال سے کم عمر بچے ، 60 برس سے زائد عمر کے افراد اور دیگر بیماریوں جیسے کہ شوگر اور دل کے امراض میں مبتلاء شامل ہیں جب کہ دیگر افراد نجی و سرکاری ہیلتھ سینٹرز سے 50 درہم کے عوض فلو ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ زکام کے پیش نظر عوام کو انفلوائنزہ ویکسین لگوانے کی تلقین کی جارہی ہے جس کا مقصد اس موسمی وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے ، اس لیے اگر شہریوں میں زکام کی علامات ظاہر ہوں تو وہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں جب کہ عالمی وباء کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانا بھی بہتر رہے گا۔ ادھر ایک اور خلیجی ملک کویت نے کورونا کے ساتھ ایک اور وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ، کویتی شہریوں اور غیرملکیوں کو موسمی نزلہ و زکام سے بچانے کے لیے انفلوئنزا اور نیوموکوکل ویکسی نیشن کا عمل اگلے ماہ شروع ہو جائے گا ، کویت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کویت کی وزارت صحت کے جانب سے کیا گیا جس کے لیے انفلوئنزا اور نیوموکوکل ویکسین کی آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے ، ویکسین اگلے دو ہفتوں میں آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے آتے ہی وزارت کی جانب سے اکتوبر کے مہینے میں ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں