متحدہ عرب امارات کورونا ویکسی نیشن والے ممالک میں پہلے نمبر پر آگیا

یو اے ای عالمی سطح پر ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں سب سے زیادہ فیصد لوگ ایسے ہیں جنہوں نے کوویڈ 19 ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لی ہے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 ستمبر 2021 15:42

متحدہ عرب امارات کورونا ویکسی نیشن والے ممالک میں پہلے نمبر پر آگیا
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2021ء) متحدہ عرب امارات کورونا ویکسی نیشن والے ممالک میں پہلے نمبر پر آگیا ، یو اے ای عالمی سطح پر ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں سب سے زیادہ فیصد لوگ ایسے ہیں جنہوں نے کوویڈ 19 ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ہیلتھ سیکٹر کی سرکاری ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسانی نے کہا کہ ملک کی 91 فیصد آبادی کو کووڈ -19 ویکسین کی کم از کم ایک خوراک ملی ہے جب کہ ملک کی کم از کم 80 اعشاریہ 38 فیصد آبادی نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہیں اور اس معاملے میں متحدہ عرب امارات دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جب کہ یو اے ای دنیا میں پانچویں سب سے کم کوویڈ 19 اموات کی شرح رکھتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے ممالک میں پرتگال عالمی سطح پر 81 اعشاریہ 2 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ یہ ویکسین کی ایک خوراک حاصل کرنے والے لوگوں کے لحاظ سے 87 فیصد شرح کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں کوویڈ 19 کیسز کی تعداد اگست 2020 کے مقابلے میں 60 فیصد کم ہو گئی ہے ، تعداد کی موجودہ حالت کو مضبوط قومی ویکسینیشن مہم اور معاشرے کے حفاظتی قواعد و ضوابط کی پابندی سے منسوب کیا جا سکتا ہے ، ویکسین عام طور پر انفیکشن اور بیماری کی پیچیدگیوں کو روکنے ، ہسپتالوں میں داخل ہونے ، ہسپتال میں قیام کو کم کرنے اور لوگوں کے غیر حفاظتی گروپ کے مقابلے میں وینٹی لیٹرز کی ضرورت نہ ہونے میں معاون ثابت ہوتی ہے جب کہ بوسٹر ڈوز متعارف کروائے جانے کے بعد سے روزانہ کیس نمبر کم کرنے میں مدد ملی ہے ، ان خوراکوں نے قوت مدافعت میں بہت زیادہ اضافہ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ وقت میں کیسز کم ہو رہے ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں