متحدہ عرب امارات ؛ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی تیسری خوراک لازمی قرار

دنیا بھر کے ممالک وائرس کی نئی لہروں کی زد میں ہیں‘ رہائشیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوویڈ 19 ویکسین کی بوسٹر شاٹ ضروری ہے۔ یو اے ای حکام

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 نومبر 2021 10:51

متحدہ عرب امارات ؛ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی تیسری خوراک لازمی قرار
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات نے عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی تیسری خوراک لازمی قرار دے دی ، یو اے ای حکام کہتے ہیں کہ رہائشیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تیسرا کوویڈ 19 ویکسین شاٹ ضروری ہے کیوں کہ دنیا بھر کے ممالک وائرس کی نئی لہروں کی زد میں ہیں۔ دی نیشنل کے مطابق ایک حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھر سے پھیلنے کی وجہ احتیاطی تدابیر کی کم پابندی اور ویکسی نیشن کی کم مقدار ہے ، اب تک بوسٹرز کا مقصد زیادہ تر ان لوگوں کے لیے ہوتا ہے جنہوں نے ٹیکہ لگانے کی مہم کے آغاز میں سائنو فارم کی ویکسین لگائی تھی، خاص طور پر وہ لوگ جنہیں چھ ماہ سے زیادہ پہلے ویکسین کی خوراک لگ چکی تھیں ، اس کے علاوہ عمر رسیدہ افراد اور صحت کی خراب حالت والے مریضوں کو بھی تیسرا شاٹ لینے کی ترغیب دی گئی جب کہ سائنو فارم کے ٹیکے لگوانے والے بہت سے لوگوں نے سفری مقاصد کے لیے فائزر کے بوسٹر شاٹس بھی مانگے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملک کے 50 ویں قومی دن کی تقریبات سے پہلے اس موقع کے دوران رہائشیوں کو محفوظ رہنے کے لیے قوانین کی یاد دہانی کرائی گئی ہے ، ان میں 1 اعشاریہ 5 میٹر کا جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا اور اپنے پیاروں کو دور سے سلام کرنا شامل ہے ، جب کہ کام کی جگہوں پر صرف 80 فیصد صلاحیت پر کام کرنے کی اجازت ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے منگل کے روز ایک سنگ میل عبور کیا جب کوویڈ 19 کے خلاف مکمل طور پر ٹیکے لگانے والے افراد کی تعداد آبادی کے 90 فیصد سے زیادہ تک پہنچ گئی ، ان میں سے 99 فیصد سے زیادہ لوگوں نے کم از کم ایک خوراک حاصل کی ہے اور امارات کے علاقوں میں آہستہ آہستہ معمول پر واپسی دیکھی جا رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ متحدہ عرب امارات نے منگل کے روز کوویڈ 19 کے 70 نئے کیسز کا اعلان کیا ، جس نے وبائی مرض شروع ہونے کے بعد سے انفیکشنز کی تعداد 741,570 تک پہنچا دی ، اس دوران صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 86 رہی ، جس کے بعد کورونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 736,333 ہوگئی ، لگاتار آٹھویں دن کسی موت کی اطلاع نہیں ملی ، تاہم اب تک مرنے والوں کی تعداد 2,144 ہے۔

ادھر متحدہ عرب امارات نے فوری طور پر پڑوسی ممالک سے اپنی زمینی سرحدوں کے ذریعے ملک میں داخل ہونے کے لیے CoVID-19 کے قوانین کو بھی اپ ڈیٹ کر دیا ہے ، نئے طریقہ کار کا اعلان وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی اور نیشنل اتھارٹی برائے ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے منگل کو کیا جب کہ نئے پروٹوکول ان ممالک کے شہریوں اور رہائشیوں پر لاگو ہوتے ہیں جو امارات ، سعودی عرب اور عمان کے ساتھ سرحدیں بانٹتے ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں