ترکی کے بعد یو اے ای کے 2 اور اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے مصر اور عراق کے رہنماؤں سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کی ، جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 26 نومبر 2021 16:19

ترکی کے بعد یو اے ای کے 2 اور اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات نے ترکی کے بعد 2 اور اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے کیے ہیں ، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے مصر اور عراق کے رہنماؤں سے ٹیلیفونک گفتگو کی ، جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ عرب نیوز کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے مصر اور عراق کے رہنماؤں سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا ، اس دوران ہونے والی گفتگو میں انہوں نے علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی ۔

بتایا گیا ہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ فون کالز پر ہونے والی بات چیت میں ابو ظہبی کے ولی عہد نے دوطرفہ تعلقات ، تعاون اور مل کر کام کرنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

ان رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں متعدد علاقائی اور عالمی معاملات میں پیشرفت پر اظہار خیال کیا گیا ، اس کے علاوہ عرب دنیا میں ترقی ، استحکام اور سکیورٹی کے حوالے سے معاملات سمیت کئی دیگر امور پر بھی مل کر مشاورت سے آگے چلنے پر اتفاق ہوا ۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے کئی برسوں بعد ترکی سے تعلقات میں بہتری آنے کے بعد متحدہ عرب امارات نے ترکی میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ، یو اے ای کی جانب سے یہ اعلان ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ ترکی کے موقع پر سامنے آیا ، جہاں شیخ محمد نے جمہوریہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ بات چیت کی جس میں ترکی کی معیشت کے لیے تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔

معلوم ہوا ہے کہ 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا یہ فنڈ اسٹریٹجک سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرے گا ، خاص طور پر توانائی، صحت اور خوراک سمیت لاجسٹک شعبے شامل ہیں ، فنڈ کا قیام متحدہ عرب امارات کے ترکی کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے نقطہ نظر کی ایک عکاسی ہے ، جس میں سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز ہے تاکہ نئے اقتصادی شعبوں میں باہمی تجارت اور تعاون کو بڑھایا جا سکے جس سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو فروغ ملے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں