یو اے ای کا قومی دن ؛ ابوظہبی کی ایئرلائن کا 99 درہم میں ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان

ویز ایئر WizzAir ایک خصوصی پروموشن کے تحت ابوظہبی سے منتخب پروازوں پر 10 ہزار دستیاب نشستوں کے لیے 99 درہم میں پروازوں کی پیشکش کر رہی ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 دسمبر 2021 17:19

یو اے ای کا قومی دن ؛ ابوظہبی کی ایئرلائن کا 99 درہم میں ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 دسمبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر ابوظہبی کی ایئرلائن نے 99 درہم میں ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا۔ اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق یو اے ای کے بجٹ کیریئر ویز ایئر WizzAir ابوظہبی نے متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر ایک خصوصی پروموشن کا اعلان کیا ہے ، جس کے تحت ایئرلائن ابوظہبی سے منتخب پروازوں پر 10 ہزار دستیاب نشستوں کے لیے 99 درہم کے ٹکٹ کی پیشکش کر رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رعایتی پروازیں WizzAir کی ویب سائٹ اور ایئر لائن کی موبائل ایپ پر فروخت کے لیے دستیاب ہیں ، مسافر WizzFlex کے ساتھ ٹکٹ بک کر سکتے ہیں ، جہاں وہ بغیر کسی فیس کے روانگی سے تین گھنٹے پہلے تک اپنی پرواز منسوخ کر سکتے ہیں اور ایئر لائن کے کریڈٹ میں فوری طور پر ادا کیے جانے والے کرایے کا 100 فیصد وصول کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ویز ایئر ابوظہبی اس وقت اسکندریہ (مصر)، الماتی (قازقستان)، ایتھنز (یونان)، باکو (آذربائیجان)، بلغراد (سربیا)، کوتیسی (جارجیا)، کیف (یوکرین)، مناما (بحرین)، ماسکو (یوکرین) کے لیے پرواز کر رہی ہے۔

روس، مسقط (عمان)، اوڈیسا (یوکرین)، سراجیوو (بوسنیا)، سوہاگ (مصر)، تل ابیب (اسرائیل)، تیرانہ (البانیہ) اور یریوان (آرمینیا) کے لیے پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ اتحاد ایئرویز نے بھی یو اےا ی کے 50 ویں قومی دن کی یاد میں 50 فیصد تک رعایت پر ٹکٹیں بک کرنے کی پیشکش کی تاہم اتحاد کی ٹکٹوں پر 50 فیصد تک کی یہ رعایت صرف 50 گھنٹوں کے محدود وقت کے لیے تھی اور یہ پیشکش بدھ یکم دسمبر کی آدھی رات تک کےلیے ہی تھی ، اس دوران بک کیے گئے ٹکٹ 14 جون 2022ء تک سفر کے لیے موزوں ہوں گے ، یہاں تک کہ ابھی بک کی جانے والی ٹکٹوں پر آپ کو اضافی اخراجات کے بغیر اپنی پروازیں بعد میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے ، یہ پروازیں اکانومی کلاس کے لیے 695 درہم جب کہ بزنس کلاس میں سفر کے لیے 2,495 درہم سے شروع ہوئیں ، جن کے تحت لندن، بارسلونا، روم، سنگاپور ، دوحہ اور دیگر منتخب مقامات کے لیے فلائٹ بک کرنے کی سہولت دستیاب تھی۔

قبل ازیں متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی سے تعلق رکھنے والی معروف فضائی کمپنی ایمرٹس بھی اپنے کرایوں میں 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کرچکی ہے ، ایمرٹس ایئر لائن نے مختلف مقامات کے لیے کرایوں میں رعایت کا اعلان متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے حوالے سے جاری تقریبات کے سلسلے میں کیا ہے ، جس کے تحت بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو کرایوں میں 50 فیصد رعایت ملے گی ، 1395 درہم سے شروع ہونے والے کرایوں میں رعایت دی گئی ہے ، کمپنی نے لندن، بینکاک، کویت، نیویارک اور ماریشس کے لیے فضائی ٹکٹوں پر بھی خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے ، اس کے علاوہ ایمریٹس ہالیڈیز کے ساتھ پیکج بک کروانے پر مسافروں کو ہوٹلوں کی بکنگ پر بھی 50 فیصد رعایت ملے گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں