یو اے ای ؛ 3 ہزار سے اوپر جانے کے بعد یومیہ کورونا کیسز میں معمولی کمی

متحدہ عرب امارات میں آج 2,989 نئے کوویڈ کیسز کی تصدیق ہوئی‘ 945 مریض صحت یاب ہوئے‘ اس دوران وباء سے 4 مریضوں کی موت ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 15:29

یو اے ای ؛ 3 ہزار سے اوپر جانے کے بعد یومیہ کورونا کیسز میں معمولی کمی
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں 3 ہزار سے اوپر جانے کے بعد یومیہ کورونا کیسز میں آج معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں آج 2,989 نئے کوویڈ کیسز کی تصدیق ہوئی‘ 945 مریض صحت یاب ہوئے‘ اس دوران وباء سے 4 مریضوں کی موت ہوگئی متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت اور روک تھام نے پیر کے روز ملک میں کوویڈ وائرس کے 2,989 نئے مریضوں کی تصدیق کی ، اس دوران 945 افراد وباء سے صحت یاب بھی ہوئے تاہم بدقسمتی سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جب کہ اس وقت ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 44,829 ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نئے کیسز کا پتہ ملک میں کیے گئے 3 لاکھ 46 ہزار 101 اضافی ٹیسٹوں کے ذریعے چلا جب کہ متحدہ عرب امارات میں 17 جنوری تک کیسز کی کل تعداد 8 لاکھ 08 ہزار 237 ہوگئی ہے، جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 7لاکھ 61 ہزار 213 ہے اور مرنے والوں کی تعداد اب 2,195 ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات میں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اومی کرون قسم دوبارہ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے خطرے کے ساتھ آسکتی ہے ، یہاں تک کہ ان لوگوں میں بھی جن کو پہلے کوویڈ ہو چکا ہے تاہم عام طور پر حفاظتی ٹیکوں والی کمیونٹیز میں یہ بہت ہلکی شکل میں آتا ہے۔

سپیشلسٹ انٹرنل میڈیسن پرائم میڈیکل سنٹر ڈاکٹر پریا بھارت خلیج ٹائمز سے گفتگو میں کہتی ہیں کہ B.1.1.529 اومی کرون ویریئنٹ میں بہت سے تغیرات ہیں ، جن میں سے کچھ متعلقہ ہیں ، دوسرے متغیرات کے مقابلے میں اس ویرینٹ سے دوبارہ انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اومی کرون انفیکشن والا کوئی بھی شخص وائرس کو دوسروں تک پھیلا سکتا ہے، چاہے وہ ویکسین لگائے گئے ہوں یا اس میں علامات نہ ہوں ، اس کے پیش نظر مکمل طور پر ویکسین شدہ شہریوں کو کوویڈ 19 بوسٹر خوراک لینے کی ضرورت ہوگی ، وہ لوگ جو طبی وجوہات کی بنا پر ویکسین لینے سے قاصر ہیں انہیں اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہے۔

ادھر ملک میں ہیلتھ پریکٹیشنرز کا یہ بھی کہنا ہے کہ تھوک پر مبنی کورونا ٹیسٹ درست ثابت ہوا ہے اور دبئی ہیلتھ اتھارٹی (DHA) سمیت مختلف اداروں میں کیا جاتا ہے کیوں کہ بہت سے مطالعات نے دستاویز کیا ہے کہ تھوک کا ٹیسٹ ناسوفرینجیل کا ایک قابل قبول متبادل ہے لیکن گھر میں جمع کیے گئے تھوک کے نمونے سفر کے لیے قابل قبول نہیں ہیں ، یہ ایک ملک سے دوسرے ملک میں مختلف ہو سکتا ہے تاہم اس کا انحصار ریگولیٹری حکام پر ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں