کورونا وباء کی نئی لہر نے متحدہ عرب امارات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

ملک میں فعال کیسز کی تعداد 48 ہزار سے اوپر چلی گئی ‘ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2,902 نئے کیس رپورٹ ہوئے‘ اس دوران 2 اموات کی بھی تصدیق ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 جنوری 2022 16:27

ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی لہر نے متحدہ عرب امارات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت اور روک تھام نے بدھ کے روز ملک میں کوویڈ وائرس کے 2,902 نئے کیسز کی تصدیق کی ، اس دوران ملک میں 1,285 افراد وباء سے صحت یاب بھی ہوئے تاہم کورونا کی وجہ سے مزید 2 افراد کی جان چلی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ یو اے ای میں اس وقت فعال کورونا کیسز کی تعداد 48 ہزار 067 ہیں جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے نئے کیسز ملک میں کیے گئے 5 لاکھ 18 ہزار 300 اضافی ٹیسٹوں کے نتیجے میں سامنے آئے ، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں 19 جنوری تک کیسز کی کل تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 931 ہے ، اس وقت تک صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 7 لاکھ 63 ہزار 664 ہے اور وباء سے مرنے والوں کی تعداد اب 2,200 ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر ابوظہبی نے سرحدی قوانین کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے امارات میں داخل ہونے کے لیے کوویڈ ویکسین کی بوسٹر ڈوز لازمی قرار دے د یا ، اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں تمام کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج کے لیے متحدہ عرب امارات کی آفیشل ایپ الحوسن ایپ نے کہا کہ ابوظہبی اور بیشتر عوامی مقامات پر داخل ہونے کے لیے تمام قسم کے کوویڈ 19 ویکسی نیشن والوں کے لیے بوسٹر شاٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہر قسم کی ویکسی نیشن کروانے والوں کے لیے بوسٹر ڈوز کی ضرورت ہے ، اگر آپ کو گرین پاس کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ویکسی نیشن مکمل کیے چھ ماہ ہو چکے ہیں تو اپنا بوسٹر ڈوز ابھی بک کرنا یقینی بنائیں ، اگر کسی شخص نے Pfizer-BioNTech کو Sinopharm کی دو خوراکیں لینے کے بعد بوسٹر خوراک کے طور پر لیا ہے ، تب بھی اس فرد کو ایک اور بوسٹر شاٹ لینے کی ضرورت ہے اگر اسے آخری جاب سے چھ ماہ گزر چکے ہوں ، اس لیے اپنی بوسٹر ڈوز جلد از جلد بک کروائیں تاکہ الحوسن ایپ میں گرین اسٹیٹس برقرار رکھا جا سکے۔

ملک میں ہیلتھ پریکٹیشنرز نے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وائرس کی علامات کے خطرے کو کم کرنے اور خاص طور پر شدید بیمار ہونے سے بچنے کے لیے ویکسین ضرور لگوائیں ، مکمل طور پر ٹیکے لگوانے والے رہائشی جنہوں نے چھ ماہ سے زیادہ عرصہ پہلے سائنو فارم کی خوراک لی ہے انہیں بوسٹر شاٹ لینا چاہیے جبکہ دیگر ویکسین لینے والے افراد کو ابھی تک بوسٹر خوراک کی ضرورت نہیں ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں