ابوظہبی داخل ہونے والوں کو اب الحوسن ’گرین پاس‘ دکھانے کی ضرورت نہیں

لوگوں کے درجہ حرارت کی پیمائش کرنے والے EDE اسکینرز کو بھی چوکیوں سے ہٹا دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 فروری 2022 13:33

ابوظہبی داخل ہونے والوں کو اب  الحوسن  ’گرین پاس‘ دکھانے کی ضرورت نہیں
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 فروری 2022ء ) ابوظہبی کے سرحدی قوانین کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد امارت داخل ہونے والوں کو اب الحوسن گرین پاس دکھانے کی مزید ضرورت نہیں ہے ۔ یو اے ای میڈیا کے مطابق پیر کو امارات کی جانب سے سرحدی قوانین کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد دبئی سے ابوظہبی میں داخل ہونے والے ڈرائیوروں کو اب اپنا الحوسن گرین پاس دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ ابوظہبی کی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی نے کہا ہے کہ مسافروں کو اب وہ ایپ نہیں دکھانی پڑے گی جو کسی شخص کی کووِڈ 19 ویکسی نیشن کی حیثیت کا ثبوت فراہم کرتی ہے، ساتھ ہی ان کے حالیہ پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج بھی ظاہر کرتی ہے جب کہ لوگوں کے درجہ حرارت کی پیمائش کرنے والے EDE اسکینرز کو بھی چوکیوں سے ہٹا دیا گیا جو کہ اومی کرون لہر کے آغاز پر دسمبر کے آخر میں متعارف کرائے گئے تھے ، انہیں وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے بنائے گئے کئی دیگر اقدامات کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے وبائی مرض کے بحالی کے مرحلے میں جانے کے بعد ہٹا دیا گیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اعلان کردہ دیگر تبدیلیوں میں کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی ضرورت کو ہٹانا اور قریبی رابطوں کے لیے قرنطینہ کا خاتمہ شامل ہے تاہم ابوظہبی کی سرکاری عمارتوں میں ملازمین ، زائرین اور دیگر افراد کے لیے گرین پاس کی ضرورت ہے ، حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے ملازمین کو بغیر استثنیٰ کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ عوامی مقامات جیسے شاپنگ مالز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اب بھی گرین پاس سسٹم کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات کی جانب سے دبئی اور شارجہ پہنچنے والے پاکستانیوں کیلئے بھی کرونا ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کی گئی تھی ، جس کے تحت پاکستان سے دبئی اور شارجہ جانے والے مسافروں کے لئے ہوائی اڈوں پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی شرط ختم کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ پاکستانی مسافروں کو ہوائی اڈوں پرصرف 48 گھنٹے قبل کا منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا جب کہ 48 گھنٹے کا یہ وقت لیبارٹری کو دئیے گئے سیمپل کے وقت سے شروع ہوگا ۔

22 فروری کو جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ دبئی پہنچنے پر مسافروں کا پی سی آرٹیسٹ ہوگا اور مسافر ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک سیلف قرنطینہ میں رہیں گے جب کہ دبئی ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کے لیے اب پی سی آر منفی ٹیسٹ دکھانا ضروری نہیں ہوگا تاہم دبئی ٹرانزٹ والے وہ مسافر جنہیں اپنی منزل پہنچنے پر پی سی آر منفی دکھانا ضروری ہو ان کیلئے منفی پی سی آر ٹیسٹ لازمی کی شرط کو برقرار رکھا گیا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں