ابوظہبی میں منشیات اسمگلنگ کیلئے ایشیائی باشندوں کا انوکھا طریقہ

پولیس نے مچھلیوں کے پیٹ میں چھپائی گئی 38 کلو کرسٹل میتھ ڈھونڈ نکالی اور 3 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کر لیا ‘ پکڑے جانے پر مشتبہ افراد حیران رہ گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 مارچ 2022 12:24

ابوظہبی میں منشیات اسمگلنگ کیلئے ایشیائی باشندوں کا انوکھا طریقہ
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 مارچ 2022ء ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منشیات اسمگلنگ کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کرنے والے 3 ایشیائی باشندے پکڑے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی پولیس نے مچھلیوں کے پیٹ میں چھپائی گئی 38 کلو گرام کرسٹل میتھ لے جانے پر 3 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کر لیا ، مشتبہ افراد کی گرفتاری ابوظہبی پولیس کے انسداد منشیات کے بڑے آپریشن کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی ۔

اس ضمن میں پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان افراد کو ابوظہبی پولیس کے نارکوٹکس حکام کی جانب سے ایک منصوبہ بند تعاقب اور کوآرڈی نیشن آپریشن میں گرفتار کیا گیا ، جس کے بارے میں ابوظہبی پولیس اینٹی نارکوٹکس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر طاہر الظہری نے بتایا کہ محکمہ منشیات کی منتقلی کے لیے مشتبہ افراد کی جانب سے استعمال کیے جانے والے چھپانے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں کامیاب رہا ، اس کے بعد گرفتاری کا منصوبہ فیڈرل ڈرگ پراسیکیوشن کے ساتھ بنایا گیا۔

(جاری ہے)


انہوں نے بتایا کہ پکڑے جانے پر مشتبہ افراد حیران رہ گئے کیوں کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ ان کے چھپانے کا طریقہ دریافت کیا جائے گا تاہم یہ گرفتاری ابوظہبی پولیس کی ایک بڑی کارروائی کا حصہ ہے جس میں تمام منشیات کے اسمگلروں کو پکڑنا ہے جو فی الحال واٹس ایپ پر غیر قانونی مادے کو فروغ دے رہے ہیں ۔ الظہری نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں سال کے آغاز میں نافذ کیا گیا نیا انسداد منشیات قانون منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، یہ قانون منشیات کے اسمگلروں اور بار بار مجرموں کے لیے سخت سزاؤں کا نفاذ کرتا ہے جب کہ پہلی بار منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی کی پیشکش کرتا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں