متحدہ عرب امارات کورونا کے خاتمے سے چند قدم دور

ملک میں وباء کے یومیہ کیسز 500 سے بھی کم ہوگئے‘ چوبیس گھنٹوں میں 447 مریض رپورٹ ہوئے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 مارچ 2022 16:34

متحدہ عرب امارات کورونا کے خاتمے سے چند قدم دور
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 04 مارچ 2022ء ) متحدہ عرب امارات کورونا کے خاتمے سے چند قدم دور ہے اور ملک میں وباء کے یومیہ کیسز کی تعداد 500 سے بھی کم ہوچکی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت اور روک تھام نے جمعہ کے روز ملک میں کوویڈ 19 کورونا وائرس کے 447 کیسز کی اطلاع دی ، ساتھ ہی 1,436 صحت یاب ہوئے اور کوئی موت نہیں ہوئی جب کہ اس وقت یو اے ای میں فعال کیسز کی تعداد 39 ہزار 535 ہیں رہ گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کیے گئے 3 لاکھ 70 ہزار 472 اضافی ٹیسٹوں کے ذریعے نئے کیسز سامنے آئے اور ملک میں اب تک 139 ملین سے زیادہ پی سی آر ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات میں 4 مارچ تک کیسز کی کل تعداد 8 لاکھ 81 ہزار 919 ہوچکی ہے ، ملک میں صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 8 لاکھ 40 ہزار 083 ہوگئی ہے اور اب تک وباء سے مرنے والوں کی تعداد مجموعی تعداد 2,301 ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کو عالمی وباء کورونا وائرس کے دوران بہترین کارکردگی پر دنیا کی 53 بڑی معیشتوں میں سرفہرست قرار دے دیا گیا ،یو اے ای کورونا کے باوجود ابھرنے سے متعلق تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں آئرلینڈ اور سعودی عرب سے بھی آگے ہے ، اس ضمن مین بلومبرگ کا کہنا ہے کہ ایمریٹس نے 53 معیشتوں میں سب سے زیادہ اسکور کیے ہیں کیوں کہ ایک منظم اور مکمل ویکسی نیشن مہم اور سخت احتیاطی اقدامات کی بدولت متحدہ عرب امارات مستقل طور پر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ملک رہا ہے ، یو اے ای نے ناصرف 'ویکسین شدہ ٹریول روٹس' پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا بلکہ پچھلے مہینے میں کم کیسز کی گنتی کو برقرار رکھا اس کے ساتھ مجموعی اموات بھی محدود رہیں ۔

بتایا گیا کہ ٹاپ ٹین میں ناروے، آسٹریلیا، سپین، فن لینڈ، کولمبیا، برطانیہ اور پرتگال بھی شامل تھے جب کہ "کمیونٹی موبلٹی" کی پابندیوں میں نرمی میں اضافہ کے ساتھ ہی برطانیہ رینکنگ میں تین درجے بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر آگیا ، جب کہ اومی کرون کا پھیلاؤ کم ہونے کے ساتھ ہی امریکہ 20 ویں نمبر پر آگیا ، پولینڈ ، فلپائن ، روس ، ہانگ کانگ اور پاکستان رینکنگ میں نچلے پانچویں نمبر پر ہیں ، ویکسین لگانے کی کم سطح اور غیر ویکسین والے لوگوں پر سخت پابندیوں کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال کے کمزور انفراسٹرکچر کی وجہ سے پاکستان سب سے نیچے ہے ، اسی طرح کیسز کے پھیلاؤ کا سامنا کرنے والا ہانگ کانگ بھی درجہ بندی میں 19 درجے گر گیا ۔

خیال رہے کہ بلومبرگ کوویڈ ریزیلینس رینکنگ وبائی امراض کے دوران عالمی سطح پر رہنے کے لیے بہترین مقامات کا جائزہ لیتی ہے ، درجہ بندی میں ماہانہ بنیاد پر جائزہ شامل ہوتا ہے کہ کم سے کم سماجی اور معاشی خلل کے ساتھ دنیا کی کون سی بڑی معیشتیں اس وبائی مرض سے بہترین طریقے سے نمٹ رہی ہیں ، بلومبرگ سروے میں شامل 53 ممالک میں سے ہر ایک کی درجہ بندی کرنے کے لیے 11 ڈیٹا انڈیکیٹرز کا استعمال کرتا ہے، جن میں وائرس کی روک تھام ، صحت کی دیکھ بھال کا معیار ، ویکسی نیشن کوریج ، مجموعی اموات اور بین الاقوامی سفر کو دوبارہ شروع کرنے کی جانب پیش رفت شامل ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں