یو اے ای؛ امریکی وکیل عاصم غفور منی لانڈرنگ کا مجرم قرار‘ 50 لاکھ درہم جرمانہ عائد

عدالت نے 3 سال کی قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے جرمانے کی ادائیگی پر مجرم کو ملک بدر کرنے اور اکاؤنٹ میں موجود رقوم ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 اگست 2022 10:54

یو اے ای؛ امریکی وکیل عاصم غفور منی لانڈرنگ کا مجرم قرار‘ 50 لاکھ درہم جرمانہ عائد
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 اگست 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں مقیم امریکی شہری عاصم غفور کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیتے ہوئے 50 لاکھ درہم جرمانہ عائد کردیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کی ایک عدالت نے امریکی وکیل عاصم غفور کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیتے ہوئے اس پر 5 ملین (50 لاکھ) درہم جرمانہ عائد کیا ہے، عدالت نے اس سے پہلے سنائی گئی 3 سال کی قید کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جرمانے کی ادائیگی کے بعد مجرم کو ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا، انسداد منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی عدالت نے غفور کے اکاؤنٹ میں موجود رقوم ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے تاہم مجرم کو قانونی طور پر مخصوص مدت کے اندر فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عاصم غفور نے ملک کے بینکنگ سسٹم کے ذریعے کم از کم 4.9 ملین ڈالر منتقل کرکے منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی، اس ضمن میں امریکہ میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے کہا تھا کہ بین الاقوامی منتقلی متعدد بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کی گئی تھی جو عاصم غفور نے ٹیکس حکام سے فنڈز کی اصلیت کو چھپانے کے ارادے سے کھولے تھے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2020ء میں ابوظہبی میں امریکی سفارت خانے سے امریکی محکمہ انصاف، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور انٹرنل ریونیو سروس کریمنل انویسٹی گیشن ڈویژن کی جانب سے باضابطہ درخواست موصول ہونے کے بعد امریکی شہری کی سرگرمیوں کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کیا، ان تحقیقات کی بنیاد پر متحدہ عرب امارات کی ایک عدالت نے عاصم غفور کو منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے الزامات میں 25 مئی 2022 کو سزا سنائی۔

رپوٹس سے پتہ چلا ہے کہ اپنی گرفتاری کے بعد سے عاصم غفور کو قانون کے مطابق عمل کا سامنا کرنا پڑا اس دوران امریکی شہری اور اس کے وکیل کو ذاتی طور پر یا ویڈیو کے ذریعے اپنی مرضی سے پیشی کے متعدد مواقع ملے تاہم وہ صرف 2 مواقع پر عدالت میں پیش ہوئے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں