متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین کا اعلان

ڈرائیوروں کیلئے کم از کم عمر کی حد میں کمی کردی، نئے ضابطے 29 مارچ 2025ء سے نافذ العمل ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اکتوبر 2024 12:42

متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین کا اعلان
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر 2024ء ) متحدہ عرب امارات نے نئے ٹریفک قوانین کا اعلان کرتے ہوئے ڈرائیوروں کے لیے کم از کم عمر کی حد میں کمی کردی، نئے ضابطے 29 مارچ 2025 سے نافذ العمل ہوں گے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ٹریفک کے ضوابط سے متعلق ایک نئے وفاقی حکم نامے کا اعلان کیا ہے، جو 29 مارچ 2025ء سے نافذ العمل ہوگا۔

متحدہ عرب امارات کے گورنمنٹ میڈیا آفس کی ایک ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جن کی عمر 17 سال ہے انہیں اب گاڑی چلانے کا لائسنس حاصل کرنے کی اجازت ہوگی، اس سے پہلے کار اور چھوٹی گاڑیاں چلانے کے لیے کسی کی عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے علاوہ ملک میں بہت زیادہ شور مچانے والی گاڑیوں کو چلانے پر پابندی ہوگی اور سوائے خطرے یا حادثات سے بچنے کے شہروں کے اندر گاڑیوں کے ہارن کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی، نئے ضوابط پیدل چلنے والوں کو 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی حد والی سڑک عبور کرنے سے بھی روکتے ہیں، حکام نے وضاحت کی کہ جو انقوانین کی لوگ تعمیل نہیں کرتے وہ کسی بھی شہری یا فوجداری کارروائی کا سامنا کریں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حکام نے سنگین خلاف ورزیوں کے لیے "احتیاطی سزاؤں" سے بھی خبردار کیا ہے جو مہلک حادثات کا سبب بن سکتی ہیں، ان میں شراب یا کسی نشہ آور چیز کے زیر اثر گاڑی چلانا شامل ہے، ہٹ اینڈ رن کیسز، جے واکنگ یا سیلاب کے وقت کسی وادی میں گاڑی چلانا شامل ہیں، نئے قانون میں کہا گیا ہے کہ خطرناک مواد یا غیر معمولی بوجھ کی نقل و حمل کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے اجازت نامہ درکار ہوگا۔

حکومت نے کہا ہے کہ ترامیم کا مقصد دنیا بھر میں نقل و حمل کے تیز رفتار ارتقاء کو برقرار رکھنا ہے، ٹریفک قانون بنا ڈرائیور ڈرائیونگ اور الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے کچھ تبدیلیوں کی بھی عکاسی کرتا ہے، یہ خود چلنے والی گاڑیوں کے معائنہ، رجسٹریشن، لائسنسنگ، دوبارہ رجسٹریشن اور تجدید کے لیے شرائط اور طریقہ کار کا تعین کرتا ہے، ساتھ ہی آٹوموٹیو انڈسٹری میں نئی ​​ٹیکنالوجیز کو آزمانے کے طریقہ کار کا تعین کرتا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں