ایک سال میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی ویزہ درخواستیں مسترد

گزشتہ 16 ماہ کے دوران 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانی شہریوں کو یو اے ای سے ملک بدر کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 3 مارچ 2025 15:42

ایک سال میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی ویزہ درخواستیں مسترد
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ 2025ء ) صرف ایک سال کے دوران 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی متحدہ عرب امارات کی ویزہ درخواستیں مسترد ہونے کا انکشاف ہوگیا۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات سے گزشتہ 16 ماہ کے دوران 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا اس کے علاوہ سال 2024ء میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی ویزہ درخواستیں مسترد ہوئیں۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات سے ستمبر 2023ء سے جنوری 2025ء تک ملک بدر کیے گئے پاکستانیوں کے اعداد و شمار میں خلیجی ملک سے گزشتہ 16 ماہ میں 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا، اس عرصے کے دوران یو اے ای حکام نے 4 ہزار 740 سزا یافتہ پاکستانی قیدیوں کو ملک بدر کیا، یہ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں سزا کاٹ چکے ہیں جب کہ ستمبر 2023ء سے جنوری 2025ء تک 5 ہزار 800 دیگر پاکستانی شہریوں کو مختلف جرائم کی بنیاد پر ملک بدر کیا گیا اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے سال 2024ء میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کی ویزہ درخواستیں مسترد کی گئیں۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (آئی سی پی) نے واضح کیا ہے کہ پرمٹ جاری کروانے، اس میں تجدید یا ترمیم کے لیے درخواست دینے کے لیے اتھارٹی کی ویب سائٹ یا سمارٹ ایپ کے ذریعے یو اے ای پاس کا استعمال کرتے ہوئے اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنا ضروری ہے، اس کے بعد درخواست دہندہ کو اس فرد کا انتخاب کرنا ہوگا جس کے لیے سروس کی درخواست کی جارہی ہے، پھر مطلوبہ سروس کا انتخاب کرنا چاہیئے، ڈیٹا کا جائزہ لے اور اگر ضروری ہو تو اسے اپ ڈیٹ کرے، اس کے بعد قابل اطلاق فیس کی ادائیگی مکمل کرنا ہوگی۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رہائشی اجازت نامے کے اجراء کی تصدیق درخواست میں رجسٹرڈ پتے پر ای میل کے ذریعے بھیجی جاتی ہے، رہائش کی درخواست سے وابستہ ایمریٹس آئی ڈی کو حتمی قدم کے طور پر منظور شدہ کورئیر کمپنیوں کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے، رہائشی اجازت نامہ جاری کرنے کی سروس آئی سی پی کے ذریعہ فراہم کردہ نیا رہائشی اجازت نامہ جاری کرنے کی اجازت دیتی ہے، درخواستیں کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز میں سرکاری کام کے اوقات کے دوران جمع کروائی جاسکتی ہیں اس کے علاوہ سمارٹ سروسز سسٹم (ویب سائٹ اور سمارٹ ایپ) پر یہ سہولت 24/7 دستیاب ہے، تاہم اس سے مستفید ہونے کے لیے یو اے ای پاس کا استعمال کرتے ہوئے لاگ ان کرنا لازمی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ سروس غیر ملکی پیشہ ور افراد اور لیبر فورس کے لیے نیا رہائشی اجازت نامہ جاری کرنا آسان بناتی ہے، درخواست دہندگان کو اپنی درخواستیں منتخب سروس چینل کے ذریعے جمع کرانی ہوں گی اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ تمام مراحل مکمل ہو گئے ہیں، ان مراحل میں درخواست کے ڈیٹا کا جائزہ لینا ضروری ہو تو اسے اپ ڈیٹ کرنا، اگر متعلقہ ڈیٹا شو نہ ہورہا ہو تو ضروری دستاویزات کو منسلک کرنا ہوگا، قابل اطلاق فیس کی ادائیگی، دستیاب چینلز کے ذریعے اپنی درخواست کا سراغ لگانا، درخواست جمع کرانے سے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر حتمی آؤٹ پٹ وصول کرنا شامل ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں