عجمان:4 سالہ بچہ واشنگ مشین میں پھنس کر جاں بحق

واقعے کے وقت گھر میں دادی اور چچا بھی موجود تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 دسمبر 2018 14:47

عجمان:4 سالہ بچہ واشنگ مشین میں پھنس کر جاں بحق
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14دسمبر2018ء ) الرَوضا کے علاقے میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک 4 سالہ بچہ فرنٹ لوڈنگ والی واشنگ مشین میں پھنس جانے کے بعد زندگی سے محروم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بچہ پانی سے بھری ہوئی مشین میں داخل ہوا، مگر اچانک واشنگ مشین کا دروازہ حادثاتی طور پر بند ہو جانے کے باعث وہ مشین میں پھنس گیا۔

جس کے باعث اُس کی پانی میں سانس گھُٹ جانے سے موت واقع ہو گئی۔ اماراتی بچے کی ماں گھر پر موجود نہیں تھی، جب وہ گھر پر آئی تو اُسے اپنا بچہ دکھائی نہ دیا۔ اچانک اُس کی نظر واشنگ مشین کی جانب گئی تو وہاں اُسے اپنا بچہ بے حِس و حرکت نظر آیا۔ بدنصیب بچے کے انکل نے واشنگ مشین کا دروازہ کھول کر بچے کو باہر نکالا اور اسے ہسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی المناک خبر سُنا دی۔

(جاری ہے)

بچے کی موت کا باعث جاننے کے لیے اُس کی لاش کا معائنہ کیا جا رہا ہے، تاہم واضح امکان یہی ہے کہ اُس کی موت پانی میں ڈُوب جانے کے باعث ہوئی ہے۔ الحمیدیہ پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل یحییٰ خلف المتروشی نے بتایا کہ جاں بحق بچے کی ماں اُسے دادی اور چچا کے پاس چھوڑ کر باہر گئی تھی۔ بچہ تجسس کے مارے مشین میں داخل ہوا تو اچانک دروازہ بند ہو جانے کے باعث مشین آٹو میٹک طور پر چل پڑی۔ جس کے باعث بچے کی موت واقع ہو گئی۔ دُنیا بھر میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ننھی عمر کے بچوں کو کبھی آنکھوں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔ اُن کی حرکات پر ہر وقت نگاہ رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار اور افسوسناک صورتِ حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں