پاکستانی نوجوان ننھی بچی سے شرمناک حرکات پر گرفتار

پاکستانی کلینر نے بچی کواپارٹمنٹ میں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 مارچ 2019 13:32

پاکستانی نوجوان ننھی بچی سے شرمناک حرکات پر گرفتار
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2019ء) پولیس نے ایک پاکستانی کلینر کو چھ سالہ بچی سے شرمناک حرکات کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ سرکاری استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 21 سالہ پاکستانی نوجوان نے بچی سے اُس وقت فحش حرکات کیں جب اُس کے والدین پاس موجود نہیں تھے۔ بچی کے والد نے عدالت میں بتایا کہ وہ وِزٹ ویزہ پر اپنی فیملی کے ساتھ عجمان آیا تھا اور یہاں پر رہائش کے لیے ایک عارضی فلیٹ لے رکھا تھا۔

اس رہائشی بلڈنگ میں ایک صفائی والا بھی آتا ہے۔ وقوعہ کے روز میں اور میری بیوی شام پانچ بجے گھر سے باہر گئے اور بچی کو اُس کی نانی کے پاس چھوڑ گئے۔ رات جب ہم دیر سے واپس آئے تو بچی کی نانی نے بتایا کہ بچی بہت پریشان لگ رہی ہے۔ بچی کی نانی یعنی میری ساس نے بتایا کہ ہمارے جانے کے بعد چھ بجے کے قریب پاکستانی کلینر صفائی کی خاطر آیا تھا۔

(جاری ہے)

نانی ہمارے حال ہی میں پیدا ہوئے بچے کا دھیان رکھنے کے لیے دوسرے کمرے میں چلی گئی۔ اس دوران کلینر بچی کے ساتھ کمرے میں تقریباً بیس منٹ تک رہا۔ جونہی نانی دوبارہ کمرے میں واپس آئی تو کلینر اچانک گھبرائی ہوئی حالت میں وہاں سے باہر چلا گیا۔ جبکہ بچی بہت زیادہ ڈری اور سہمی ہوئی تھی۔ جو اُسی وقت باتھ رُوم میں گئی اور وہاں جا کر اپنا منہ دھو لیا۔

اس کے بعد بچی نے اپنی نانی کو بتایا کہ پاکستانی کلینر نے اُس کے ساتھ کیا شرمناک حرکت کی تھی۔ بچی کے والدین یہ سُن کر شدید مشتعل ہو گئے اور اُنہوں نے اگلے دِن المرقبت پولیس اسٹیشن میں جا کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ گھر والوں نے ہال میں لگے سیکیورٹی کیمروں کی ویڈیو چیک کی تو اس میں کلینر کو اس حالت میں اپارٹمنٹ سے باہر جاتے دیکھا کہ اُس کے شرٹ کے کئی بٹن کھُلے ہوئے تھے۔

میڈیکل رپورٹ میں بچی کے جسم پر ملزم کا ڈی این اے بھی پایا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے گھناؤنے جُرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اُس پر شیطان حاوی ہو گیا تھا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ 24مارچ 2019ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں