متحدہ عرب امارات کی طبی تاریخ کا انتہائی انوکھا واقعہ

خاتون نے خاوند کی مدد سے بچے کو گھر پر ہی جنم دے دِیا نیشنل ایمبولینس کے عملے کی جانب سے فون پر دی جانے والی ہدایات نے کام کر دکھایا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 فروری 2020 14:24

متحدہ عرب امارات کی طبی تاریخ کا انتہائی انوکھا واقعہ
عجمان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان مقیم ایک جوڑے کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب حاملہ بیوی کو اچانک زچگی کی تکلیف شروع ہو گئی۔ میاں بیوی جس علاقے میں رہائش تھے وہاں سے ہسپتال خاصے فاصلے پر تھا۔ خاوند نے نیشنل ایمبولینس کو فون کیا اور صورتِ حال کی سنگینی سے آگاہ کیا کہ اُس کی بیوی کی زچگی کی تکلیف ناقابل برداشت ہو چکی ہے، وہ بچے کو جنم دینے کے بہت قریب ہے۔

سرکاری ایمبولینس سروس کے نمائندوں نے ایمرجنسی کو بھانپتے ہوئے خاتون کے خاوند کو فون پر ہی ہدایات دینا شروع کر دیں، جس کے باعث خاوند نے بچے کو دُنیا میں لانے کا عمل خود ہی کسی تیسرے شخص کی مدد کے بغیر انجام دیا۔ نیشنل ایمبولینس کمیونیکیشن سنٹر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اُنہیں صبح پونے سات بجے کے قریب ایک شخص کی جانب سے کال آئی جس نے بتایا کہ اُس کی بیوی کو اچانک سے زچگی کا درد شروع ہوا اور اسی دوران نوزائیدہ بچہ اُس کے جسم سے آدھا باہر آ چکا تھا اور آدھا اندر ہی تھا۔

(جاری ہے)

اس صورتِ حال نے دونوں میاں بیوی کو شدید پریشانی میں ڈال دیا تھا۔ کیونکہ زچگی کے مرحلے میں مزید تاخیر سے زچہ اور بچہ دونوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ ایمبولینس سروس نے فوری طور پر طبی عملے کی ٹیم کو دو ایمبولینسز میں روانہ کر دیا۔ اسی دوران ایمبولینس سروس کے نمائندے نے خاوند کو فون پر ہدایات دینا شروع کر دیں کہ جب تک طبی عملہ نہیں پہنچ جاتا وہ اپنی بیوی کو بچے کی پیدائش کا عمل مکمل کرنے کی خاطر یہ کام کرے۔

خاوند نے ہدایات پر عمل کر کے زچگی کا عمل مکمل کروایا۔ جب طبی امداد کا عملہ ان کی رہائش گاہ پر پہنچا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ نوزائیدہ بچہ اپنی ماں کے بازوؤں میں سمایا ہوا تھا۔ زچہ و بچہ کی صحت اور زندگی کے تحفظ اور تسلّی کی خاطر دونوں کو فوری طور پر شیخ خلیفہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں اُن کی حالت تسلی بخش قرار دے دی گئی۔ خاتون نے بتایا کہ اُسے ڈاکٹر کی جانب سے ڈلیوری کی جو تاریخ بتائی گئی تھی، وہ ابھی دُور تھی، اُسے نہیں اندازہ تھا کہ اس بتائے گئے وقت سے پہلے ہی زچگی کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔ خاتون اور اس کے خاوند نے نیشنل ایمبولینس سروس کی جانب سے ٹیلیفونک رہنمائی فراہم کر کے زچگی کا عمل بخیر و خوبی مکمل کروانے پر بہت شکریہ ادا کیا گیا۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں