عجمان: پاسپورٹ واپس نہ کرنے پر ملازم نے باس کی شدید پٹائی کر دی

عرب نوجوان کو تشدد کے جُرم میں6 ماہ قید اور 40 ہزار درہم کا جرمانہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 فروری 2020 13:14

عجمان: پاسپورٹ واپس نہ کرنے پر ملازم نے باس کی شدید پٹائی کر دی
عجمان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء) متحدہ عرب امارا ت کی ریاست عجمان میں ایک ملازم نے اپنے باس کی جانب سے پاسپورٹ واپس کرنے سے انکار پر اُس کی پٹائی کر ڈالی۔ باس کی جانب سے رپورٹ درج کروانے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت نے عرب ملازم کو اس کی پُرتشدد حرکت پر 6 ماہ قید اور 40 ہزار درہم جرمانے کی سزا سُنا دی۔ ملزم کو سزا کی مُدت پوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ انہیں اطلاع دی گئی تھی کہ الرشیدیہ کے علاقے کی ایک رہائشی بلڈنگ میں دو افراد آپس میں لڑ پڑے ہیں۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ ایک شخص کا چہرہ سُوجا ہوا ہے۔ جب اس سے پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ اُس نے ملازم نے تلخ کلامی کے دوران زوردار مُکے مارے ہیں اور لوہے کی راڈ سے بھی مارا پیٹا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر پولیس نے موقع سے فرار ہو جانے والے 26 سالہ عرب نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے پولیس کی تفتیش کے دوران اپنے باس کی پٹائی کا اعتراف کر لیا۔ اس کا کہنا تھا کہ اُس نے اپنے باس سے کہا تھا کہ وہ اُس کا پاسپورٹ واپس کر دے اور اس کی سپانسر شپ ایک اور کمپنی کو منتقل کر دے۔ تاہم باس اس بات سے انکاری تھا۔ جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو گیا تھا۔

وقوعہ کے روز وہ بلڈنگ کے پارکنگ ایریا میں جا کر اپنے باس کا انتظار کرنے لگا۔ جب رات 11بجے باس پارکنگ ایریا میں آیا تو ملزم نے اس سے ایک بار پھر پاسپورٹ کی واپسی کا تقاضا کیا تاہم باس کے انکار پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔ جس پر ملزم نے طیش میں آ کرباس کے چہرے پر گھونسوں کی بارش کر دی۔ زخمی باس نے بتایا کہ ملزم نے اپنے پاس موجود ایک لوہے کی راڈ سے بھی اس کے جسم کے مختلف حصّوں پر ضربیں لگائیں۔ ملزم اس وقت تک اسے تشدد کا نشانہ بناتا رہا جب تک پولیس زخمی باس کی مدد کی خاطر جائے وقوعہ پر نہ پہنچ گئی۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں