عجمان کی فروٹ مارکیٹ میں لگنے والی آگ 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بُجھا دی گئی

انڈسٹریل ایریا کی منڈی میں گزشتہ رات ساڑھے چھ بج اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی، جسے بُجھانے کے لیے دُبئی، شارجہ اور اُم القوین سے بھی فائر فائٹرز بُلائے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 6 اگست 2020 12:35

عجمان کی فروٹ مارکیٹ میں لگنے والی آگ 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بُجھا دی گئی
عجمان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 اگست 2020ء) عجمان کی مارکیٹ میں گزشتہ روز شدید آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے عجمان سول ڈیفنس کی جانب سے دیگر اماراتی ریاستوں دُبئی، شارجہ اور اُم القوین سے بھی فائر فائٹرز بُلائے گئے تھے۔ کئی دُکانوں تک پھیل جانے والی اس آگ کو تقریباً تین گھنٹے کی کوشش کے بعد ساڑھے نو بجے کے قریب بُجھا دیا گیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ویڈیو بھی سامنے آئی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائربریگیڈ کا عملہ اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں آگ بھجانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ آگ کی لپٹیں آسمان کی جانب بلند ہورہی ہیں۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آگ کس وجہ سے لگی تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے بتایا کہ عجمان کی سبزی و پھل منڈی کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث چار ماہ پہلے بند کر دیا گیاتھا، جس کی وجہ سے یہاں کوئی بھی دُکاندار موجود نہیں تھا۔

اگر مارکیٹ کھُلی تو خدانخواستہ آگ کی لپیٹ میں آکر متعدد افراد کی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔ آتشزدگی کی اطلاع موصول ہونے کے تین منٹ کے اندر سول ڈیفنس، پولیس اور ایمبولینس کی 25 سے زائد گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، فائر فائٹرز نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھتے ہوئے اس خوفناک آگ کو تین گھنٹے کے اندر اندر بُجھا دیا۔ اس واقعے میں اللہ کی مہربانی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیوآپریشن کے دوران آس پاس کی عمارتیں رہائشیوں سے خالی کرا دی گئی تھیں، اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے ڈرائیورز کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔آگ لگنے کے اسباب سے متعلق تفتیش کا آغاز ہو گیا ہے۔ 

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں