یو اے ای کی گولڈن جوبلی پر ٹریفک جرمانوں پر بڑی رعایت مل گئی

عجمان کے رہائشیوں کو 21 نومبر سے 31 دسمبر تک ٹریفک جرمانے پر 50 فیصد رعایت دے دی گئی ، اس 40 روزہ خصوصی آفر کے تحت اپنے بلیک پوائنٹس کینسل اور ضبط شدہ گاڑیاں بھی چھڑائی جاسکتی ہیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 نومبر 2021 11:39

یو اے ای کی گولڈن جوبلی پر ٹریفک جرمانوں پر بڑی رعایت مل گئی
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 نومبر2021ء ) متحد عرب امارات کی گولڈن جوبلی کے موقع پر عجمان کے رہائشیوں کو 21 نومبر سے 31 دسمبر تک ٹریفک جرمانے پر 50 فیصد رعایت دے دی گئی ، اس 40 روزہ خصوصی آفر کے تحت اپنے بلیک پوائنٹس کینسل اور ضبط شدہ گاڑیاں بھی چھڑائی جاسکتی ہیں ۔ خلیج ٹائمز کے مطابق عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے کہا ہے کہ یہ آفر 14 نومبر سے پہلے درج کی گئی تمام ٹریفک خلاف ورزیوں پر لاگو ہوتی ہے تاہم اس میں ایسے جرائم کا احاطہ نہیں کیا گیا جو لاپرواہی سے ڈرائیونگ سے متعلق ہیں جن سے ٹریفک یا دوسروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو اور بغیر لائسنس کے گاڑی کا انجن یا چیسس تبدیل کرنے پر بھی اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا ۔

میجر جنرل النعیمی نے کہا کہ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر اور عجمان کے ولی عہد اور عجمان ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ عمار بن حمید النعیمی کی ہدایت پر جاری کیا گیا ، جس کے تحت 21 نومبر سے 31 دسمبر تک ٹریفک جرمانے پر 50 فیصد رعایت دی گئی ہے ، اس 40 روزہ خصوصی آفر کے ذریعے اپنے بلیک پوائنٹس کینسل اور ضبط شدہ گاڑیاں بھی چھڑائی جاسکتی ہیں ، اس فیصلے کا مقصد وبائی امراض کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں پر مالی بوجھ کو کم کرنا ہے ، اس کی مدد سے قومی دن کی تقریبات سے پہلے رہائشیوں کی خوشیوں کو بھی بڑھانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عجمان پولیس رہائشیوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے اپنی خدمات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے ، گاڑیوں کے مالکان اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جلد از جلد اپنے جرمانے ادا کریں اور ہر کسی کی حفاظت کے لیے مزید خلاف ورزیوں سے گریز کریں ۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں