متحدہ عرب امارات میں پہلی خود کار بس سروس چلانے کا اعلان

بس میں 15 سواریوں کی گنجائش ہے‘ پبلک ٹرانسپورٹ کی پہلی خودکار بس عجمان کے ساحل پرچلائی جائے گی‘ جو امارات ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی سروس ہوگی

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 دسمبر 2021 10:55

متحدہ عرب امارات میں پہلی خود کار بس سروس چلانے کا اعلان
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 دسمبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں پہلی خود کار بس سروس چلانے کا اعلان کردیا گیا ، بس میں 15 سواریوں کی گنجائش ہے‘ پبلک ٹرانسپورٹ کی پہلی خودکار بس عجمان کے ساحل پرچلائی جائے گی‘ جو امارات ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی سروس ہوگی ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق یواے ای میں پہلی خودکار بس چلانے کا اعلان متحدہ عرب امارات کی سپیشلسٹ کمپنی ’ایون‘ کی جانب سے کیا گیا ہے ، جس کی طرف سے ڈرائیور کے بغیر چلائی جانے والی پبلک بس امارات ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی سروس ہوگی۔

اس ضمن میں کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بس سروس عجمان کورنیش پر فیرمونٹ ہوٹل اور کورل بیچ کے درمیان چلائی جائے گی ، بس میں سمارٹ کنٹرول سسٹم لگا ہوا ہے ، جو کہ ٹریفک سگنلز سے ملنے والی معلومات کے ذریعے بس کے اطراف ہر چیز پر نظر رکھتا ہے ، یہ بس کاربن فری ہے جس میں مسافروں کی سکیورٹی کے لیے ایجوکیشن ٹیکنالوجی کی تنصیب کی گئی ہے ، اس کے علاوہ بس میں ’وی ٹو ایکس‘ سسٹم بھی لگایا گیا ہے جو کہ کیمروں سے لیس ہے اور انٹرنیٹ کے ذریعے ریمورٹ سیلز سے جوڑا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اپنی یوعیت کی پہلی بس سروس ہفتے کے ساتوں دن صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور سہ پہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرے گی ، اس بس میں 15 سواریوں کی گنجائش ہے ، جو پیدل چلنے والوں کے لیے مختص ٹریک کے قریب آنے پر سگنل جاری کرتی ہے جب کہ معذور افراد کی آسانی کے لیے وہیل چیئرکو بس پر چڑھانے کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

دوسری جانب ابوظہبی کے محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ نے خطے کی پہلی مکمل خود مختار اور ماحول دوست ٹیکسی سروس شروع کی ہے‘ پہلے مرحلے میں یاس آئی لینڈ پر پانچ TXAI برانڈڈ گاڑیاں چلتی نظر آئیں گی ، Txai نئی ٹیکنالوجی کا پائلٹ پروجیکٹ ہے ، جس کو 23 نومبر کو ابوظہبی اسمارٹ سٹی سمٹ میں شروع کیا گیا ، جس کی آزمائش ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ سے شروع ہوئی ۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں