متحدہ عرب امارات میں بھکاریوں کی شامت آگئی

پولیس نے عرب اور ایشیائی قومیتوں کے 45 گداگروں کو گرفتار کرلیا ، جن میں 16 خواتین بھی شامل ہیں‘ جو بھیک مانگنے کیلئے خود کو غریب اور محتاج ظاہر کرنے کے علاوہ سڑک پر چیزیں بیچ رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 فروری 2022 10:19

متحدہ عرب امارات میں بھکاریوں کی شامت آگئی
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 04 فروری 2022ء ) عجمان پولیس نے امارات میں سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ایک ہفتے تک جاری رہنے والی معائنہ مہم کے تحت 45 بھکاریوں کو گرفتار کرلیا ۔ خلیجی میڈیا کے مطابق عجمان پولیس جنرل کمانڈ نے جنوری کے آخری ہفتے کے دوران عرب اور ایشیائی قومیتوں کے 45 بھکاریوں کو گرفتار کیا جن میں 28 مرد ، 16 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے ، ان گرفتاریوں کا مقصد اس رجحان کو ختم کرنا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے پیسے لوٹے جاتے ہیں ۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر برائے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ عجمان پولیس لیفٹیننٹ کرنل احمد سعید النعیمی نے کہا ہے کہ فورس کمیونٹیز میں سکیورٹی کو بڑھانے اور سماجی تانے بانے اور امن کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی غیر قانونی عمل کا مقابلہ کرنے کو بہت اہمیت دیتی ہے ، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے عجمان پولیس کے گشت نے مختلف عمروں کے 45 ایشیائی اور عرب بھکاریوں کو پکڑا ، جب وہ امارات کے مختلف علاقوں میں گھوم رہے تھے ، وہ بھیک مانگنے کے مختلف طریقے استعمال کر رہے تھے جیسے کہ غریب اور محتاج ظاہر کرنا یا سڑک پر چیزیں بیچنا ۔

(جاری ہے)

سینئر پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ یہ معاشرے کے تمام اراکین کے لیے تکلیف اور شرمندگی کا باعث بنتا ہے ، عوام ایسے بھکاریوں کی ہمدردی کے باعث ان کی شکل و صورت کی بنا پر تفریح ​​نہ کریں ، اس کی بجائے 067034310 پر ایسی سرگرمی کی اطلاع دیں جب کہ کمیونٹی ممبران خیراتی تنظیموں اور سوسائٹیوں کو رقم عطیہ کریں، تاکہ فنڈز مستحق افراد تک پہنچ سکیں ، اس سے بھکاری کی آڑ میں لوگوں کے جرائم کو روکنے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کا شمار خوش حال اور ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے ، یہاں دولت کی خاصی ریل پیل ہے ، اسی وجہ سے یہاں کے مقامی اور غیر ملکی تارکین فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں اور بھکاریوں پر بھی دل کھول کر خیرات لُٹاتے ہیں ، اسی وجہ سے امارات میں گزشتہ چند سالوں سے غیر ممالک سے پیشہ ور بھکاریوں کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے ، خصوصاً رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ایشیائی ممالک سے کئی پیشہ ور بھکاری وزٹ ویزے پر پہنچ جاتے ہیں اور ایک ماہ کے دوران ہی بھیک مانگ مانگ کر لاکھوں روپیہ جمع کر لیتے ہیں اور پھر خوشی خوشی اپنے وطن رخصت ہو جاتے ہیں تاہم اس طرح کی کمائی سے اصل غریب اور مستحق لوگوں کا حق مارا جاتا ہے ، اسی وجہ سے پچھلے تین سال سے ان موسمی گداگروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں