متحدہ عرب امارات میں افسوسناک حادثے نے سب کو رنجیدہ کردیا

عجمان میں ایک 12 سالہ طالبہ اپنے ہی اسکول کی بس کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 فروری 2022 14:40

متحدہ عرب امارات میں افسوسناک حادثے نے سب کو رنجیدہ کردیا
عجمان ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 فروری 2022ء ) عجمان میں ایک 12 سالہ طالبہ اس کی اسکول بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ عجمان پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ منگل کی سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب طالبہ اپنے گھر کے قریب بس سے اتری اور گھر جانے کے لیے سامنے کی طرف چلی گئی لیکن ڈرائیور نے اسے نہیں دیکھا اور بس بچی کے اوپر سے آگے کی طرف لے گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں ایک خلیجی ملک سے تعلق رکھنے والی لڑکی کے سر پر شدید چوٹیں آئیں ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور پیرا میڈیکس موقع پر پہنچ گئے لیکن جب تک وہ وہاں پہنچے بچی کی موت ہوچکی تھی ۔ متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت برائے پبلک ایجوکیشن افیئرز جمیلہ المحیری نے لڑکی کی شناخت شیخہ حسن کے نام سے کی ، انہوں نے کہا کہ مرحومہ کے خاندان ، اس کے دوستوں اور اساتذہ سے ہماری دلی تعزیت ہے ، ہماری بیٹی شیخہ کی موت کے بعد ہماری پوری تعلیمی برادری غمزدہ ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایمریٹس اسکولز اسٹیبلشمنٹ نے بھی اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری تعلیمی برادری طالبہ کے نقصان پر سوگوار ہے ۔

                                     
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ بس میں سپروائزر نہیں تھا جب کہ حادثے کے ذمہ دار بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، ٹریفک اور پٹرولنگ ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل سیف عبداللہ الفلاسی نے لڑکی کے خاندان کے ساتھ عجمان پولیس کی دلی تعزیت کا اظہار کیا ، افسر نے بس ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ تمام حفاظتی اصولوں پر عمل کریں اور کسی بھی چیز سے ان کا دھیان بٹنے نہ دیں۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں