امارات میں پٹرول ڈیزل سستا ہونے پر ٹیکسی کرایوں میں بھی کمی

عجمان میں حکام نے ٹیکسی کے نئے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 3 اکتوبر 2022 17:13

امارات میں پٹرول ڈیزل سستا ہونے پر ٹیکسی کرایوں میں بھی کمی
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اکتوبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتیں آٹھ ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد عجمان میں حکام نے ٹیکسی کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق عجمان میں ٹیکسی ٹیرف ہر ماہ کے آخر میں متحدہ عرب امارات کی کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ ایندھن کی قیمتوں سے منسلک ہے، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جولائی میں کرایوں میں اضافہ ہوا تھا لیکن جب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے تب سے اس میں کمی آرہی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نظر ثانی کی گئی ہے، جس کے تحت انڈسٹریل ایریا سے رولا تک ٹکٹ کی قیمت 8 درہم اور مسار کارڈ کی قیمت 10 درہم ہوگی جب کہ الحمیدیہ فیڈر سے ٹکٹ کی قیمت 2 درہم اور مسار کارڈ کی قیمت 3 درہم مقرر کی گئی ہے، اسی طرح الجرف ایکسپریس سروس کے لئے ٹکٹ کی قیمت 5 درہم اور مسار کارڈ کی قیمت 7 درہم ہوگی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں فیول پرائس کمیٹی نے اکتوبر 2022 کے لیے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پٹرول سپر 98 جو ستمبرمیں 3.41 درہم میں فراہم کیا جا رہا تھا، اب کمی کے بعد 3.03 درہم میں فروخت ہوگا، سپیشل 95 جو ستمبر میں 3.30 درہم میں دستیاب تھا نرخ میں کمی کے بعد اکتوبر میں 2.92 درہم میں فراہم ہوگا، اسی طرح ای پلس 91 کے نرخ جو ستمبر میں 3.22 درہم تھے، اکتوبر میں کم کرکے 2.85 درہم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ڈیزل کی نئی قیمت 3.76 درہم مقرر کی گئی ہے، ستمبر میں ڈیزل 3.87 درہم میں فروخت کیا جا رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں