امارات میں ٹریفک کی مانیٹرنگ کیلئے نیا سمارٹ سسٹم متعارف

ڈرائیونگ کے دوران قانون کی خلاف ورزی 400 درہم جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا باعث بنے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 ستمبر 2024 12:56

امارات میں ٹریفک کی مانیٹرنگ کیلئے نیا سمارٹ سسٹم متعارف
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر 2024ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے نیا سمارٹ سسٹم متعارف کروادیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق عجمان پولیس نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے ایک نیا سمارٹ مانیٹرنگ سسٹم لاگو کیا جائے گا، جو ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال اور سیٹ بیلٹ نہ پہننے کی خلاف ورزیوں کا پتا لگائے گا، وفاقی قانون کے تحت ڈرائیونگ کے دوران فون کا استعمال یا کوئی اور خلاف قانون عمل 400 درہم جرمانے اور ڈرائیونگ لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا باعث بنے گا۔

اماراتی ٹریفک قوانین میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کار میں سوار تمام مسافروں کو سیٹ بیلٹ پہننے کی ضرورت ہے، جن میں پچھلی سیٹ پر بیٹھے افراد بھی شامل ہیں، ایسا نہ کرنے پر گاڑی کے ڈرائیور کو 400 درہم جرمانہ اور چار بلیک پوائنٹس دیئے جائیں گے، اس لیے ضروری ہے کہ رہائشی اور شہری ٹریفک کے قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں سمارٹ ٹریفک کنٹرولنگ سسٹم کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں سب سے زیادہ توجہ سمارٹ ٹریفک سگنلز سسٹم پر دی گئی جو جدید اور انتہائی حساس کیمروں سے لیس ہوں گے، سمارٹ ٹریفک سگنلز خود کار گاڑیوں کو کنٹرول کرنے اور انہیں درست کمانڈ دینے کی صلاحیت کے حامل ہیں، نمائش میں یورپی یونین کے پویلین میں سمارٹ گاڑیوں کے ماڈلز کو پیش کیا گیا جو آسٹریا میں استعمال کی جارہی ہیں، ان گاڑیوں میں سوار ہونے والوں کو یہ سہولت ہوتی ہے کہ وہ اپنی منزل کا تعین کریں اور محفوظ ڈرائیونگ کے جدید تجربے سے لطف اندوز ہوں جب کہ ناروے پویلین میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشن کے طریقے کو واضح کیا گیا جس کے ذریعے عوامی ٹرانسپورٹ کے لیے ٹکٹوں کی خریداری و ادائیگی سے لے کربس اسٹاپس کا تعین شامل تھا۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں