دُبئی: شاہد آفریدی کی دُبئی ٹیکسی ڈرائیوراور دیگر رُوپ میں ویڈیو وائرل ہو گئی

اُنہیں ڈرائیور، ڈاکٹر، دفتری ملازم، کنسٹرکشن ورکر اورعربی کے رُوپ میں دیکھا جا سکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 جنوری 2019 11:06

دُبئی: شاہد آفریدی کی دُبئی ٹیکسی ڈرائیوراور دیگر رُوپ میں ویڈیو وائرل ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جنوری 2019ء) خُوبرو اور لاکھوں دِلوں کی دھڑکن شاہد آفریدی اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں تاہم اُن کے چاہنے والوں کی گنتی میں ابھی تک کوئی کمی نہیں آئی۔ کبھی وہ ٹی وی اشتہارات میں جلوہ گر ہوتے ہیں تو کبھی اپنے سوشل میڈیا پیجز پر مختلف انداز کی تصاویر اور ویڈیوز کی بدولت اپنے مداحوں کو خوش رکھتے ہیں۔

398 ون دے انٹرنیشنل میچوں میں آٹھ ہزار سے زائد رنز سکور کرنے والے آفریدی اِن دِنوں دُبئی میں موجود ہیں۔ اب کی بار اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایسی ویڈیو شیئر کی ہیں جس میں وہ مختلف رُوپ دھارے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو کے آغاز میں ناظرین اُس وقت چونک جاتے ہیں جب وہ شاہد آفریدی کو دُبئی کے ایک ٹیکسی ڈرائیور کے رُوپ میں دیکھتے ہیں اور اس سوچ میں پڑ جاتے ہیں کہ کیا آفریدی نے شوق کی خاطر ٹیکسی ڈرائیونگ کا پیشہ اختیار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

مگر اُن کا یہ خیال چند سیکنڈز میں ہی غلط ثابت ہو جاتا ہے جب آفریدی کسی ہسپتال کی عمارت میں ڈاکٹروں والا سفید گاؤن اور سٹیتھوسکوپ لگائے دکھائی دیتے ہیں۔ اگلے منظر میں وہ کنسٹرکشن ورکر کے لباس میں جلوہ گر ہوتے ہیں۔ پھر منظر بدلتا ہے، اب کی بار وہ پینٹ شرٹ پر ٹائی سجائے دفتر جانے کی تیاریوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ اس کے بعد ایک اور منظر میں آفریدی مخصوص اماراتی لباس پہنے دکھائی دیتے ہیں۔

اس سسپنس سے بھری ویڈیو کے اختتام میں ایک بار پھر آفریدی ڈاکٹری لباس پہنے کیمرہ کی جانب دیکھ کر کہتے ہیں ’’آپ لوگ کنفیوز تو ہو گئے ہوں گے۔۔۔ بتاؤں گا۔۔۔ لیکن کیوں؟‘‘لگتا یہی ہے کہ یہ مناظر کسی اشتہاری مہم کا حصّہ ہیں جو عنقریب ہی ٹی وی چینلز پر دکھائی جائے گی۔ بہر حال یہ تو آنے والے دِنوں میں ہی پتا چلے گا کہ آفریدی نے اس ویڈیو میں نِت نئے رُوپ کیوں بدلے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں