دُبئی: منشیات کے اسمگلر کو 7 سال قید کی سزا

ملزم نے منشیات کی بھاری مقدار اپنے پیٹ میں چھُپا رکھی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 جنوری 2019 16:10

دُبئی: منشیات کے اسمگلر کو 7 سال قید کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جنوری 2019ء) کسٹم حکام نے ایئرپورٹ پر ایک اسمگلر کو منشیات کی بھاری مقدار کی برآمدگی پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نائیجریا سے تعلق رکھنے والا 40 سالہ شخص انٹرنیشنل فلائٹ سے دُبئی ایئر پورٹ پر پہنچا۔ مگر اس دوران وہ کچھ گھبرایا ہویا اور پریشان دکھائی دیتا تھا۔افریقی باشندے کے پسینے چھوٹ رہے تھے۔

حتیٰ کہ جب اُس سے ایک کسٹم آفیسر نے سوال کیا تو اُس پر بوکھلاہٹ طاری ہو گئی اور وہ ٹھیک طرح سے جواب نہ دے پایا۔ اس ساری صورتِ حال پر کسٹم حکام کو شُک گزرا ۔ اُنہوں نے اُسے ایکسرے مشین سے گزارا تو اُس کے معدے میں مشکوک چیز کا انکشاف ہوا۔ جس پر ملزم کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں اُس کے معدے میں موجود 63 نشہ آور کیپسولز نکال لیے گئے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اُسے انسدادِ منشیات کے ادارے کے حوالے کر دیا گیا۔

عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ ملزم سے برآمد ہونے والے کیپسولز نشہ آور کرسٹل میتھ سے بھرے تھے جن کا کُل وزن 1.07 کلو گرام کے قریب تھا۔ ملزم نے عدالت کے رُوبرو اپنے جُرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اُس نے یہ کام ایک بین الاقوامی منشیات فروش گروہ کے کہنے پر کیا ہے۔ اُسے اس کام کے بدلے میں دو ہزار امریکی ڈالر کی رقم دی جانی تھی۔ عدالت نے ملزم کو منشیات اسمگلنگ کا مجرم قرار دیتے ہوئے اُسے سات سال قید کی سزا سُنا دی۔ اس کے علاوہ اُس پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ ملزم کو سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں