دُبئی: ڈرائیونگ کے کرتب دکھانے کے شوق نے جیل کی ہوا کھلا دی

عرب نوجوان کو گاڑی پارک کی گئی بس میں مارنے پر گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جنوری 2019 14:07

دُبئی: ڈرائیونگ کے کرتب دکھانے کے شوق نے جیل کی ہوا کھلا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری 2019ء) ایک نوجوان ڈرائیور کو تیز رفتاری سے گاڑی چلانے اور کرتب دکھانے کا شوق مہنگا پڑا۔ عرب مُلک سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی گاڑی ایسے ہی ایک کرتب کے دوران بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی بس سے جا ٹکرائی۔ جس کے باعث بس اور گاڑی دونوں کو شدید نقصان پہنچا۔ تاہم نوجوان کار ڈرائیور اس حادثے میں بال بال بچ گیا۔

یہ واقعہ مِڈرف کے ایک روڈ پر پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو سات روز کے لیے گرفتار کر لیا جبکہ اُس کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ دُبئی ٹریفک پراسیکیوشن کے سربراہ صالح بُو فروشہ الفلاسی نے بتایا کہ اُنہیں الرشیدیہ کے پولیس اسٹیشن سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مِڈرف روڈ پر ایک نوجوان کی غیرذمہ دار ڈرائیونگ کے باعث حادثہ پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

اس 20 سالہ نوجوان کی جانب سے گاڑی کے کرتب دکھانے کے شوق میں گاڑی ایک جگہ پارک کی گئی بس میں جا لگی۔ حادثے سے قبل کی فوٹیج حاصل کی گئی تو پتا چلا کہ نوجوان انتہائی غیر ذمہ داری سے ڈرائیونگ کر رہا تھا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔نوجوان کی جنونی ڈرائیونگ کے باعث اُس کے آس پاس موجود دیگر گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔ سو نوجوان کو قصور وار پا کر اُسے سات دِن کے لیے جیل بھیجنے کی سفارش کی گئی۔

نوجوان کی حادثے کا شکار ہونے والی کار کی ٹیکنیکل رپورٹ بھی حاصل کی جا رہی ہے کہ کیا اُس نے اپنی گاڑی کی رفتار میں تیزی لانے کے لیے کوئی موڈیفیکیشن تو نہیں کروائی تھی۔ الفلاسی نے کہا کہ سڑکوں پر گاڑی کے ذریعے کرتب دکھانا انتہائی خوفناک عمل ہے کیونکہ اس سے حادثوں کا امکان بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ قانونی سزاؤں ا ور جرمانوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں