دُبئی: پاکستانی ڈرائیور کی مار پیٹ کرنے والے 3 اماراتی بھائیوں کو قید ہو گئی

ملزمان نے معمولی شک کی بناء پر ڈرائیور کو شدید زخمی کر ڈالا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 جنوری 2019 14:17

دُبئی: پاکستانی ڈرائیور کی مار پیٹ کرنے والے 3 اماراتی بھائیوں کو قید ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 جنوری 2019ء) عدالت نے تین اماراتی بھائیوں کو ایک پاکستانی ڈرائیور کی مار پیٹ کرنے کے جُرم میں چھ چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ ملزمان نے پاکستانی ڈرائیور کو اُس وقت مار پیٹ کا نشانہ بنایا جب وہ اُن کے گھر میں داخل ہوا۔ ملزمان کی مار پیٹ سے ڈرائیور کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی اور اس کے سر پر بھی شدید زخم آئے تھے۔

یہ واقعہ 5 اگست 2018 کو پیش آیا تھا جس کی رپورٹ القُصیص کے پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی۔ 20 سالہ ڈرائیور نے عدالت کو بتایا ’’میں ایک ٹیلی کام کمپنی کی گاڑی چلاتا ہوں۔ وقوعے کے روز میں کمپنی کے ٹیکنیشنز کو لے کر ملزمان کے گھر گیا جہاں ٹیکنیشنز گھر کے اندر چلے گئے جبکہ میں باہر کھڑا ہو کر اُن کی واپسی کا انتظار کرنے لگا۔

(جاری ہے)

تھوڑی دیر بعد مجھے چند منٹ کے لیے کہیں جانا تھا، میں نے ٹیکنیشنز کو اس بارے میں اطلاع دینے کی سوچی مگر میرے موبائل میں بیلنس نہیں تھا۔

جس پر میں گھر میں داخل ہوا کہ اُنہیں آگاہ کردوں۔ گھر کی پچھلی جانب مجھے ایک دروازہ کھُلا نظر آیا۔ میں نے جونہی دروازے سے اندر قدم رکھا تو ایک اماراتی شخص نے مجھے اچانک بے تحاشا تھپڑ مارنے لگا۔ میں اس اچانک حملے سے بوکھلا گیا۔ اس شخص نے مجھ سے یہ پوچھنا بھی گوارا نہ کیا کہ مَیں کون ہوں، اور اندر کس لیے آیا ہوں۔ حالانکہ میں نے اُس وقت کمپنی کا یونیفارم پہن رکھا تھا، جس کے ٹیکنیشنز فالٹ دُور کرنے کی خاطر اسی گھر میں موجود تھے۔

پھر اس شخص نے مجھے ڈرائنگ رُوم میں گھسیٹ لیا جہاں اُس کے دو اور بھائی بھی موجود تھے۔ انہوں نے مجھے لاتیں اور مُکّے مار مار کر لہو لہان کر دیا۔ان میں سے ایک شخص نے میرے سر پر کوئی بھاری چیز ماری۔ جب مجھے ہوش آیا تو میں ہسپتال میں پڑا تھا ۔ میرے تمام جسم پر چوٹوں کے نشان تھے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ میری بائیں آنکھ سے دیکھنے کی صلاحیت ختم ہو گئی تھی۔ ‘‘ عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد تینوں اماراتی بھائیوں کو بہیمانہ تشدد کے الزام میں چھ چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں