دُبئی میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے پر جرمانے معاف ہو جائیں گے

پُورا سال تک مزید ٹریفک خلاف ورزی نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ مکمل معاف ہو جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 فروری 2019 13:35

دُبئی میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے پر جرمانے معاف ہو جائیں گے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8فروری 2019ء) دُبئی پولیس نے ڈرائیورز کی لیے شاندار رعایت کا اعلان کیا ہے۔ دُبئی پولیس کے سربراہ میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے کہا ہے کہ 6 فروری 2019ء سے نئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔ جس کے تحت اگر کوئی ڈرائیور تین ماہ تک کوئی ٹریفک خلاف ورزی نہ کرے تو ایسی صورت میں اُس پر عائد سابقہ ٹریفک جرمانوں کی مجموعہ رقم سے 25 فیصد جرمانہ ختم کر دیا جائے گا۔

اسی طرح اگر کوئی ڈرائیور اگلے چھ ماہ تک کسی نئی خلاف ورزی کا مرتکب نہ پایا گیا تو اُس پر عائد ماضی کے پچاس فیصد جرمانے ختم ہو جائیں گے۔ اسی طرح اگر کوئی ڈرائیور خود پر جرمانہ عائد ہونے کے بعد اگلے نو ماہ تک ٹریفک قوانین کی پابندی کرتا ہے تو اُس پر کوئی نئی خلاف ورزی کا اندراج نہیں ہوتا تو ایسی صورت میں اُس پر عائد سابقہ جرمانوں کی کُل رقم کا 75 فیصد معاف کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ سب سے شاندار آفر یہ ہے کہ اگر کوئی ڈرائیور اگلے ایک سال تک کوئی ٹریفک خلاف ورزی نہیں کرتا تو اُس پر عائد تمام جرمانے سو فیصد معاف ہو جائیں گے۔میجر جنرل المری نے واضح کیا کہ اس ٹریفک رعایتی سکیم کا اطلاق صرف نجی گاڑیوں پر ہوگا۔ تجارتی گاڑیوں، رینٹل آفسز اور کمپنیوں کی گاڑیوں کو یہ رعایت حاصل نہیں ہے۔ اس کے علاوہ پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی گاڑیوں بھی اس سکیم کے زمرے میں نہیں آتیں۔ اگر کوئی شخص ٹریفک خلاف ورزی کے بعد اگلے تین ماہ مملکت میں باہر رہتا ہے تو ایسی صورت میں اُس پر 25 فیصد جرمانے کی معافی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ جرمانوں میں یہ رعایت صرف دُبئی کے لیے ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں