دُبئی: ظالم محبوب نے محبوبہ کو خنجر گھونپ کر ہلاک کر دیا

عدالت نے ملزم کو سات سال قید کی سزا سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 فروری 2019 17:32

دُبئی: ظالم محبوب نے محبوبہ کو خنجر گھونپ کر ہلاک کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8فروری 2019ء) ایک عرب نوجوان نے اپنی جان سے پیاری محبوبہ کو خنجر کے پے در پے وار کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کر کے عدالت پیش کر دیا۔ عدالت میں استغاثہ نے ملزم پر قتلِ عمد کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ اُس نے اپنی معشوقہ کو بہانے سے گھر بُلا کر اُس کا بے دردی سے قتل کیا۔ جب اُس نے یہ واردات انجام دی اُس وقت وہ نشے کی حالت میں تھا۔

استغاثہ کی جانب سے ملزم پراپنے پاس چرس رکھنے اور اسے استعمال کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ ملزم نے عدالت کو بتایا کہ اُس کا مقتولہ کے ساتھ کافی پُرانا معاشقہ چل رہا تھا۔ تاہم وقوعے کے روز خاتون نے اُس سے سخت جھگڑا کیا اور اُس کی اچھی خاصی بے عزتی کی۔ جس پر وہ اشتعال میں آ گیا اوراُس نے کچن میں موجود چھُری اُٹھا کر پہلے خاتون کی گردن میں گھونپ دی اور پھر اُس کے جسم کے دوسرے حصّوں پر پے در پے وار کیے۔

(جاری ہے)

تاہم ملزم کا کہنا تھا کہ اُس کا خاتون کو پہلے سے قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، جو کچھ ہوا، وہ اچانک اور وقتی اشتعال کا نتیجہ تھا۔ ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ذہنی امراض کا شکار ہے اور ایک معالج کی جانب سے دی گئی مسکن ادویات بھی استعمال کر رہا ہے۔تاہم میڈیکل رپورٹ میں ظاہر ہوا کہ ملزم کی ذہنی حالت ٹھیک ہے اور اُسے کوئی ذہنی عارضہ لاحق نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے اُسے سات سال قید کی سزا سُنائی۔ ملزم نے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا تھا۔ تاہم اُس کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں