متحدہ عرب امارات میں خوفناک حادثے کی ویڈیو وائرل

حادثہ تیز رفتار کار کے ڈرائیور کی بے توجہی کے باعث پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 فروری 2019 15:28

متحدہ عرب امارات میں خوفناک حادثے کی ویڈیو وائرل
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12فروری 2019ء) متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے تمام مقامی اور غیر مُلکی افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اپنی تمام تر توجہ ڈرائیونگ پر مرکوز رکھیں تاکہ کوئی خوفناک حادثہ پیش نہ آئے، اور نہ ہی نوبت کسی انسانی جان کے ضیاع تک پہنچے۔وزارت داخلہ کی جانب سے عوام کی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں ایک گاڑی تیز رفتاری کے باعث ٹریفک سگنل پر رُکنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

ویڈیو کے آغاز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک سگنل کی بتی سُرخ ہونے پر دو گاڑیاں رُک جاتی ہیں، تاہم اس دوران پچھلی جانب سے ایک تیز رفتار گاڑی آتی ہے۔ اس گاڑی کا ڈرائیور یہ بھی نہیں دیکھتا کہ اُس سے چند میٹر کے فاصلے پر دو گاڑیاں ٹریفک سگنل کی پابندی کرتے ہوئے رُک گئی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تیز رفتار گاڑی اپنے سے آگے والی گاڑی کو اتنی زور سے ٹکر مارتی ہے کہ وہ کئی میٹر دُور جا گرتی ہے۔

جبکہ دُوسری گاڑی خوش قسمتی سے اس ٹکر سے محفوظ رہ جاتی ہے۔وزارت کی جانب سے اس پوسٹ کی گئی ویڈیو کے نیچے صارفین سے پُوچھا گیا ہے ’’آپ کے خیال میں ڈرائیونگ کے دوران سڑک سے توجہ ہٹ جانے کا اہم ترین سبب کیا ہے؟‘‘ نیچے مندرجہ ذیل آپشنز دی گئی ہیں: ’موبائل فون کا استعمال‘، ’گاڑی میں بچوں کا سوار ہونا‘، ’ڈرائیونگ کے دوران کھانا پینا‘ یا ’گاڑی چلاتے وقت بناؤ سنگھار کرنا‘یا ’کوئی اور وجہ‘۔ وزارت کے مطابق اس سروے کے نتائج اگلے دِن جاری کیے جائیں گے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں