دُبئی: سگے بیٹے کی موت کا جعلی سر ٹیفکیٹ بنوانے والا باپ گرفتار

ملزم نے اپنی سابقہ بیوی کو خرچہ دینے سے بچنے کے لیے یہ گھناؤنی حرکت کی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 13 فروری 2019 11:13

دُبئی: سگے بیٹے کی موت کا جعلی سر ٹیفکیٹ بنوانے والا باپ گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13فروری 2019ء) پولیس نے ایک شامی بزنس مین کو اپنے سگے بیٹے کا جعلی ڈیتھ سر ٹیفکیٹ بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے یہ جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ امارات کی وزارت خارجہ اور شامی سفارت خانے سے تصدیق کرانے کی خاطر جمع کروایا تھا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے کاغذات میں اس وجہ سے ہیر پھیر کیا تاکہ وہ اپنے سابقہ بیوی اور اُس سے پیدا ہونے والے بچے کو خرچہ دینے سے بچ سکے۔

کیونکہ دُبئی شریعت کورٹ نے کچھ عرصہ قبل اُسے حکم دیا تھا کہ وہ اپنی بیوی اور بچے کو شریعت کے مطابق خرچہ دینے کا پابند ہے۔ اس طرح ملزم نے عدالت اور اہم اداروں کو دھوکا دینے کی کوشش کی۔ یہ معاملہ گزشتہ سال جولائی کے مہینے میں سامنے آیا جس کی رپوٹ الرشیدیہ پولیس اسٹیشن میں جمع کروائی گئی۔

(جاری ہے)

شریعت کورٹ کے ایک عہدے دار نے عدالت کو بتایاکہ 34 سالہ ملزم نے عدالت کے رُوبرو اپنے بچے کی موت کا سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔

جس پر عدالت نے فیصلہ سُنایا تھا کہ بچے کی موت واقع ہونے کے باعث ملزم پر بچے کی مزید کفالت کی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔ جب بچے کی والدہ کو پتا چلا کہ اُس کے خاوند نے اس قدر گھٹیا اور شرمناک حرکت کی ہے تو اُس نے شریعت کورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔ خاتون نے عدالت میں فیملی رجسٹریشن پیش کیے تو انکشاف ہوا کہ ملزم نے اپنے سگے بیٹے کی موت کا جعلی سرٹیفکیٹ بنوا کر اپنی ذمہ داریوں سے بھاگنے کی کوشش کی تھی اور اس طرح عدالت کو بھی دھوکا دینے کی کوشش کی تھی۔

دُبئی پولیس کی کرائم لیب نے سرٹیفکیٹ کی جانچ کر کے بتا دیا کہ یہ سرٹیفکیٹ جعلی ہے۔ جس کے بعد شامی بزنس مین کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 27 فروری 2019ء کو سُنایا جائے گا جس میں ملزم کو سزا سُنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں