اماراتی باشندوں کے لیے 2019ء کا رمضان کب اور کیسا ہو گا

محکمہ امورِ اسلامی کی جانب سے اہم تفصیلات جاری کر دی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 فروری 2019 15:17

اماراتی باشندوں کے لیے 2019ء کا رمضان کب اور کیسا ہو گا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2019ء ) اگلے چند ماہ میں رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ رمضان کی فیوض و برکات سے مستفید ہونا ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کیونکہ یہ گناہوں کی بخشش اور رُوح و جسم کی پاکیزگی کا مہینہ ہے۔اس موقع پر مسلمان اپنی سحری اور افطار کی دعوتوں میں افلاس کے مارے لوگوں کو خاص طور پر شریک کرتے ہیں، پُوری اُمتِ مُسلمہ اتفاق و اتحاد کی ایک اٹوٹ کڑی میں پروئی جاتی ہے۔

اس لیے مُسلم اُمّہ کو اس بابرکت مہینے کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ اس بار متحدہ عرب امارات میں مقیم مسلم بھائی چارے کے لیے ایک بڑا سرپرائز ہے۔ دُبئی گورنمنٹ اسلامی امور اور خیراتی سرگرمیوں کے ادارے کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس بار رمضان کا پہلا روزہ 6 مئی 2019ء کو متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اور سرپرائز یہ ہے کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران پہلی بار اماراتی رہائشیوں کا روزہ پندرہ گھنٹے سے کم دورانیے کا ہونے جا رہا ہے۔

اس بات کا انکشاف ماہر فلکیات ابراہیم ال جروان کی جانب سے کیا گیا جو عرب یونین فار سپیس اینڈ آسٹرونومی سائنسز (AUAS) کے ممبر بھی ہیں۔ رمضان کا ہلال 5 مئی 2019ء کو امارات کے وقت کے مطابق رات2 بج کر 46 منٹ پر پیدا ہو گا۔ جو غروبِ آفتاب کے بعد30 منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔ اس طرح 6 مئی 2019ء کو پہلا روزہ ہو گا۔ تمام رمضان المبارک کے دوران روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 10 منٹ سے لے کر 13 گھنٹے 40 منٹ تک ہو گا۔ رمضان المبارک کے دوران درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 22فیصد سے 75 فیصد تک ہو گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں