دُبئی میٹرو اسٹیشن پر بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھارتی کو سزا

عدالت نے بھارتی شہری کو چھ ماہ قید کے لیے جیل بھیج دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 فروری 2019 15:13

دُبئی میٹرو اسٹیشن پر بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھارتی کو سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری 2019ء ) عدالت نے جنسی ہراسگی کے ایک مقدمے کا فیصلہ سُناتے ہوئے بھارتی شہری کو اُس کی شرمناک حرکت پر جیل بھیج دیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر الزام لگایا تھا کہ اُس نے دُبئی کے ایک میٹروا سٹیشن پر سکول سے واپس گھر کو جانے کے لیے پہنچی لڑکی کو زبردستی اپنے ساتھ چمٹا کر اُس کے جسم سے چھیڑ چھاڑ کی تھی۔

استغاثہ نے بتایا کہ 32 سالہ بھارتی نوجوان ایک تعمیراتی کمپنی میں ملازم ہے۔ اْس نے میٹرو سٹیشن پر چودہ سالہ کی بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ کی۔ اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھا۔نوجوان نے خود پر عائد الزامات درست تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اْس نے بچی کو غلط نیت سے نہیں پکڑا بلکہ اْس کا ہاتھ اتفاقاً اْسے چھْو گیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ گزشتہ سال20 اکتوبر کو پیش آیا تھا جس کی رپورٹ بْر دْبئی پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی تھی۔

ایک پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ وہ دوپہر ایک بجے کے قریب ڈیوٹی کے مقام پر موجود تھا۔جب میٹرو سٹیشن کے ٹکٹ عملے کا ایک اہلکار اْس کے پاس آیا۔ اْس نے بھارتی نوجوان کو پکڑ رکھا تھا جبکہ ساتھ ہی ایک لڑکی بھی تھی۔ ٹکٹ اہلکار نے بتایا کہ نوجوان نے بچی سے غلط حرکت کی تھی۔ جس پر پولیس اہلکار اْسے تھانے لے آیا اور اْس سے تفتیش شروع کر دی۔

ملزم نے تفتیشن کے دوران بچی سے جنسی چھیڑ چھاڑ کا اعتراف کر لیا تھا۔ متاثرہ بچی نے بتایا کہ وہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ سے اندر داخل ہو رہی تھی، اس دوران وہ اپنے بیگ میں پیسے رکھنے میں مصروف تھی کہ اچانک نشے میں دْھت ملزم نے اْسے پکڑ لیا اور اس کے جسم کے مختلف حصّوں پر ہاتھ پھیرنے لگا۔بچی کے مطابق وہ اس اچانک جنسی حملے سے اتنی خوفزدہ ہو گئی تھی کہ چیخ و پْکار بھی نہ کر سکی۔

تاہم چند لمحوں کے بعد اْس نے ٹکٹ عملے کو جا کر ساری صورتِ حال سے آگاہ کیا۔جس پر وہاں موجود تمام افراد کی لائن بنوائی گئی جن میں سے لڑکی نے ملزم کو شناخت کر لیا۔ بعد ازاں کلوز سرکٹ کیمروں کی ریکارڈنگ سے بھی نوجوان کی شرمناک حرکت کا پتا چل گیا۔ ملزم کو عدالت کی جانب سے بغیر پرمٹ شراب استعمال کرنے پر پہلے ہی دو ہزار درہم کا جرمانہ کیا جا چکا ہے۔ ملزم کو فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں