دُبئی: پاکستانی لڑکی کو پارک میں زیادتی کا نشانہ بنانے والے بنگلہ دیشی کو قید ہو گئی

ملزم نے خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے لڑکی سے زبردستی کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 مارچ 2019 14:13

دُبئی: پاکستانی لڑکی کو پارک میں زیادتی کا نشانہ بنانے والے بنگلہ دیشی کو قید ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ 2019ء) عدالت نے ایک بنگلہ دیشی مرد کو پاکستانی لڑکی سے جنسی زیادتی کے جُرم میں پانچ سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ملزم کی سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی اُسے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر اغوا، جنسی زیادتی ، ہراسگی اور خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے دھوکا دہی کا مرتکب ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

سرکاری استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ 46 سالہ بنگلہ دیشی نے 22سالہ پاکستانی لڑکی کے سامنے خود کو میونسپلٹی کا ملازم ظاہر کر کے اُسے دھمکی دی تھی کہ وہ اُس کے ساتھ تھانے چلے، اگر وہ ایسا نہیں کرتی تو پھر وہ اُس پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کر دے گا۔ زیادتی کا شکار بننے والی بائیس سالہ لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی بہن کے ساتھ جاب کی تلاش میں امارات آئی تھی۔

(جاری ہے)

وقوعہ کے روز شام 6 بجے وہ اپنے ایک مرد دوست کے ہمراہ الممزار بیچ پر چہل قدمی کر رہی تھی۔ جب ایک شخص اُن کے پاس آیا اور میونسپلٹی کا ایک کارڈ دکھایا جس پر اُس کی فوٹو لگی ہوئی تھی۔ اس شخص نے خود کو میونسپلٹی کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے پُوچھا کہ وہ اپنے مرد دوست کے ساتھ یہاں کیا کر رہی ہے اور اُن دونوں کا آپس میں کیا تعلق ہے۔ جبکہ میرے دوست سے کہا کہ وہ اپنا شناختی کارڈ لا کر دکھائے۔

جس پر میرا دوست اپنی گاڑی میں سے کارڈ لینے کے لیے چلا گیا۔ اسی دوران بنگلہ دیشی ملزم نے کہا کہ وہ اُس کے ساتھ تھانے چلے جہاں وہ اُس پر نازیبا حرکات کے الزام میں پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کرے گا۔ اچانک بنگلہ دیشی ملزم نے لڑکی کے ہاتھ سے موبائل فون چھین لیا اور اُسے کہا کہ وہ پارک کا جنگلہ پھلانگ کر دُوسری جانب چلے۔ جب لڑکی نے اُس کی بات ماننے سے انکار کیا تو بنگلہ دیشی نے اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

ملزم لڑکی کو اندھیرے میں کھینچتا ہوا ایک ویران مقام پر لے گیا۔ پاکستانی لڑکی کی جانب سے مزاحمت کرنے پر بنگلہ دیشی نے اُسے قتل کرنے کی دھمکی دی اور اُسے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹنے لگا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ہوس کے پُجاری نے اُس کے کپڑے پھاڑ کر اُسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ اس دوران لڑکی چیخ و پُکار کرتی رہی۔ لڑکی کے 28 سالہ پاکستانی دوست نے جو پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہے، اُس نے بھی لڑکی کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جب لڑکی زیادتی کے بعد اُسے مِلی تو ننگے پاؤں تھی اور اُس کے بال اور کپڑے ریت سے بھرے ہوئے تھے۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو اس کی شرمناک حرکت پر پانچ سال قید کی سزا سُنا دی گئی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں