دُبئی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے ڈرائیورز کو بُری خبر سُنا دی

مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی رقم دُگنی تِگنی کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 مارچ 2019 15:35

دُبئی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے ڈرائیورز کو بُری خبر سُنا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ 2019ء) متحدہ عرب امارات میں ٹریفک ضابطوں کی پابندی کے حوالے سے کوئی رعایت نہیں برتی جاتی۔ اکثر مقامی اور غیر مُلکی افراد ٹریفک جرمانوں کو حد سے زیادہ قرار دیتے ہیں۔ ایسے افراد جان لیں کہ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے ایسا فیصلہ کیا ہے جس سے اُن کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ نئے سال کے دوران کئی ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے کی شرح میں دُگنا نہیں بلکہ تین گُنا اضافہ کر دِیا گیا ہے۔

ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حالیہ اضافوں کا مقصد دُبئی میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا اور سڑکوں کو حادثات سے محفوظ بنانا ہے۔جرمانوں کی نئی شرح کے مطابق اگر کوئی شخص نمبر پلیٹ کے بغیر گاڑی چلاتا ہے تو اُسے اب ایک ہزار درہم نہیں، بلکہ پُورے تین ہزار درہم کا جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔

(جاری ہے)

اگر کسی بس، ٹرک یا ٹینکر کی جانب سے سُرخ بتی کی خلاف ورزی کی جائے گی تو اُسے ماضی کی آٹھ سو درہم جرمانے کی رقم کے برعکس تین ہزار درہم کا نقصان برداشت کرنا ہوگا۔

جو ڈرائیور لین کی خلاف ورزی کرے گا، اُسے چھے سو درہم نہیں، بلکہ پندرہ سو درہم ادا کرنا ہوں گے۔ ساٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی حد رفتار سے زائد رفتار پر گاڑی چلانے کی صورت میں اب نو سو درہم کی بجائے پندرہ سو درہم جرمانہ بھرنا ہو گا۔ ٹریفک کے بہاؤ کے مخالف سمت میں گاڑی چلانے پر چار سو درہم کی بات پُرانی ہوئی، اب چھ سو درہم ادا کرنا ہوں گے۔

جو شخص کسی ایمبولینس، فائر بریگیڈ، پولیس یا سرکاری گاڑی کو رستہ نہیں دیتا، اُس پر جرمانے کی شرح پانچ سو درہم سے بڑھا کر ایک ہزار درہم کر دی گئی ہے۔ گاڑیوں کے شیشوں کی پچاس فیصد سے زائد ٹنٹنگ کی صورت میں جرمانے کی رقم پانچ سو درہم پُرانی بات ہو گئی، اب تو پندرہ سو درہم کا بھاری نقصان برداشت کرنا ہو گا۔ گاڑی کے شور کرنے پر پانچ سو درہم کی بجائے دو ہزار درہم کا جرمانہ بھُگتنے کے لیے تیار رہیں۔

دُھواں مارتی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو فضائی آلودگی پھیلانے پر ایک ہزار درہم بھرنا ہوں گے۔ ایکسپائرڈ ڈرائیونگ لائسنس کی ساتھ گاڑی چلانے والا اپنی جیب میں سے پانچ سو درہم کا نقصان کروانے کا پہلے سے ہی سوچ کر رکھے۔ جس گاڑی کی صرف ایک جانب نمبر پلیٹ لگی ہوگی، اُسے بھی چار سو درہم کا جرمانہ ہو گا۔ گاڑی موڑتے وقت یا سمت تبدیل کرتے وقت انڈیکیٹر کا استعمال نہ کیا تو چار سو درہم کا ٹیکا لگ جائے گا۔

غیر مخصوص مقامات سے سڑک کراس کرنے پر اب راہگیروں کو بھی چار سو درہم کا صدمہ سہنا پڑے گا۔ غیر مخصوص مقامات پر سواریاں اُتارنے یا چڑھانے والی ٹیکسیوں والوں کو پُورے پانچ سو درہم جمع کرانے کی اذیت سے گزرنا پڑے گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد سواریاں بٹھانے پر پانچ سو درہم بھرنے کے لیے بھی تیار رہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں