دُبئی : نیوزی لینڈ دہشت گرد حملوں کی حمایت کرنے والا غیر مُسلم ملازم نوکری سے فارغ

سوشل میڈیا پر شرمناک میسج پوسٹ کرنے والے کو ڈی پورٹ بھی کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 مارچ 2019 13:44

دُبئی : نیوزی لینڈ دہشت گرد حملوں کی حمایت کرنے والا غیر مُسلم ملازم نوکری سے فارغ
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ 2019ء) گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کی واردات میں50 سے زائد مسلمان نمازی شہید ہو گئے تھے۔ اس واقعہ پر دُنیا بھر میں افسوس اور غم و غصّے کا اظہار کیا گیا۔ تاہم امارات میں ملازمت کی غرض سے موجود ایک غیرمُلکی ملازم نے سوشل میڈیا پر دہشت گردی کے اس واقعے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

جس پر امارات بھر میں اشتعال کی لہر دوڑ گئی تھی اور اس بدبخت شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ غیر مُسلم شخص دُبئی کی مشہور سیکیورٹی کمپنی ٹرانس گارڈ گروپ میں سیفٹی اور سکیورٹی افسر کے طور پر تعینات ہے۔ اس اخلاقیات اور انسانیت سے عاری شخص نے فیس بُک پر اپنے پوسٹ میں نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمعہ کے اجتماع پر یہ حملے دیگر مساجد میں بھی ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کی جانب سے اپنے ملازم کے اس نامناسب پوسٹ پر سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ معروف سیکیورٹی کمپنی کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کمپنی کے اس ملازم کی جانب سے فیس بُک اکاؤنٹ پر اشتعال انگیز پوسٹ کرنے پر اُسے نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس شخص نے اپنی شرمناک پوسٹ اپنے فرضی نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی، تحقیقات کے بعد یہ شخص قصور وار ثابت ہو گیا۔

کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے حوالے سے کمپنی نے سخت پالیسی اپنا رکھی ہے،اسی لیے اس شخص کو نہ صرف نوکری سے فارغ کیا گیا ہے بلکہ اماراتی سائبر کرائم قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے بھی کر دیا، جنہوں نے اُسے فوری طور پر امارات سے ڈی پورٹ کر دیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں