دُبئی پولیس نے ایک لاکھ درہم ماہانہ اکٹھا کرنے والے بھکاری کو گرفتار کر لیا

خود کو مفلس ظاہر کر کے بھاری رقم اکٹھی کرنے والا یہ بھکاری وزٹ ویزہ پرآیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 مئی 2019 12:55

دُبئی پولیس نے ایک لاکھ درہم ماہانہ اکٹھا کرنے والے بھکاری کو گرفتار کر لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 7 مئی 2019ئ) دُبئی پولیس کی جانب سے انسدادِ گداگری مہم کے دوران ایک ایسا غیر مُلکی گرفتار کیا گیا ہے جس نے ایک ماہ کے دوران بھیک مانگ مانگ کر ایک لاکھ درہم سے زائد رقم اکٹھی کر لی تھی۔ القوز کے علاقے سے گرفتار کیا گیا یہ بھکاری وزٹ ویزہ پر دُبئی آیا تھا۔پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ عہدے دار بریگیڈیئر الہاشمی نے بتایا کہ مملکت میں زیادہ تر بھکاری کچھ وزٹ ویزہ پر آتے ہیں جبکہ کئی سیاحتی کمپنیوں کی جانب سے بُلائے جاتے ہیں، جن کے گداگری کے پیشے سے منسلک ہونے کی چھان بین نہیں کی جاتی۔

انہوں نے بتایا کہ اگر کسی سیاحتی کمپنی کی جانب سے بُلایا گیا بھکاری پکڑا جائے تو اس کمپنی پر دو ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ دوبارہ ایسی حرکت کے ارتکاب پر کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر الہاشمی نے مزید بتایا کہ ر مضان کے مہینے میں مملکت میں گداگروں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے، جن کی زیادہ تر تعداد وزٹ ویزوں پر امارات آتی ہے۔

انہیں گداگری سے روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے کریک ڈاﺅن کیا جاتا ہے اور گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ اس بار بھی اس کریک ڈاﺅن کے سلسلے میں پولیس کی ٹیمیں وردی میں اور سادہ کپڑوں میں مختلف علاقوں کا گشت کریں گی، خاص طور پر بازاروں، رہائشی علاقوں ، رمضان ٹینٹوں، عبادت گاہوں اور پارکنگ ایریاز کو سامنے رکھا جائے گا جہاں گداگروں کی بڑی تعداد اکٹھی ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ درہم ماہانہ کمانے والے دولت مند بھکاری کے علاوہ ایک خاتون بھی پکڑی گئی جس نے لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے ایک چھوٹا بچہ اور ایک شیر خوار بچہ بھی ساتھ رکھا ہوا تھا۔ بریگیڈیئر ہاشمی نے کہا کہ ایسے افراد جو شدید تنگدستی کا شکار ہونے کے باعث مالی امداد کے خواہش مند ہیں اُنہوں چاہیے کہ وہ فلاحی اداروں اور مخیر حضرات سے رابطہ کریں جو نیکی کے کاموں میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ 2018ءمیں دُبئی میں 243 افراد بھیک مانگتے پکڑے گئے تھے، جن میں سے مرد 136 جبکہ خواتین 107 تھیں۔ 2017ءمیں 653 بھکاری گرفتار کیے گئے تھے،2016ءمیں 1,021 جبکہ 2015ءمیں گرفتار کیے گئے بھکاریوں کی گنتی 1,405 ریکارڈ کی گئی تھی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں