متحدہ عرب امارات کی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ پکڑی گئی

اس منشیات کھیپ میں 268 کلو گرام ہیروئن، 96 کلو گرام کرسٹل میتھ اور 1 کلو گرام چرس شامل ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 مئی 2019 14:09

متحدہ عرب امارات کی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ پکڑی گئی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،14 مئی 2019ء) دُبئی پولیس کی جانب سے 365 کلو گرام سے زائد منشیات پکڑ لی گئی اور اس سلسلے میں ملوث16 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے بتایا جاتا ہے۔ دُبئی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے بتایا ملزمان کی جانب سے 280 ملین درہم مالیت کی منشیات گاڑیوں کے سپیئر پارٹس میں چھُپا کر اسمگل کی جا رہی تھی۔

مگر وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب نہ ہو سکے۔ یہ متحدہ عرب امارات کی تاریخ کی منشیات کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔ اس بڑی مقدار کو اسمگل کرنے کے الزام میں دو بین الاقوامی منشیات فروش گروہ بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ یہ منشیات گاڑیوں کے سپیئر پارٹس میں رکھ کر لائی گئی تھی اور ایک گودام میں رکھ دی گئی۔

(جاری ہے)

پکڑی جانے والی منشیات کی کھیپ میں 268 کلو گرام ہیروئن، 96 کلو گرام کرسٹل میتھ اور 1 کلو گرام چرس شامل ہے۔

ایک ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے ملزمان کی گرفتاری عجمان، شارجہ اور اُم القوین کی پولیس کی مدد سے عمل میں آئی۔میجر جنرل المری نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع مِلی تھی کہ ایک بین الاقوامی منشیات فروش گروہ امارات میں وسیع پیمانے پر منشیات پھیلا رہا ہے۔ جس کے بعد اس گینگ کے کارندوں پر نظر رکھنا شروع کر دی گئی۔ یہ منشیات فروش گروہ مملکت کے نوجوانوں کو اپنا ہدف بنا کر اُن کی رگوں میں زہر اُتار رہا تھا۔

اس منشیات فروش گروہ پر ہاتھ ڈالنے کے لیے دیگر ملکوں کے ساتھ بھی رابطے کیے گئے۔ اس سلسلے میں انٹر پول نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس گینگ کا سرغنہ متحدہ عرب امارات میں بظاہر صفائی کا کام کرتا تھا مگر حقیقت میں بڑے پیمانے پر منشیات فروشی کر کے مملکت کے نوجوانوں کو موت کی طرف دھکیل رہا تھا۔ اس گروہ کے باقی کارندے بھی خود کو صفائی ملازم اور مرمت کے کام سے جُڑا ظاہر کر کے اس مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔

گینگ کا سربراہ اپنے آبائی وطن میں موجود منشیات فروشوں کے ذریعے امارات میں منشیات منگواتا تھا۔ جبکہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے والا دُوسرا گینگ بھی گرفتار کیا گیا۔ ان لوگوں نے منشیات کی کھیپ شارجہ کے ایک گودام میں چھُپا رکھی تھی۔ یہ دُبئی پولیس کی بڑی کامیابی ہے جس کے باعث مملکت کے ہزاروں نوجوانوں کا مستقبل اندھیرا ہونے سے بچ گیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں