اماراتی شہری کو فرضی کمپنی خریدنے کا سودا لے ڈُوبا

مصری بزنس مین نے اماراتی کو فرضی کمپنی فروخت کرنے کے نام پر 120,000 درہم کا چُونا لگا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 مئی 2019 12:11

اماراتی شہری کو فرضی کمپنی خریدنے کا سودا لے ڈُوبا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16 مئی 2019ء) مصری بزنس مین نے اماراتی شہری کو فرضی کمپنی خریدنے کا لالچ دے کر اُس سے 120,000 درہم ہتھیا لیے۔ مصری بزنس مین اس واردات کے بعد امارات سے فرار ہو گیا۔ عدالت میں استغاثہ نے مصری ملزم کو اُس کی غیر حاضری میں دھوکا بازی اور جعلی دستاویزات ظاہر کر کے بوگس کمپنی فروخت کرنے کا ملزم قرار دے دیا۔اس واقعے کی رپورٹ البرشا پولیس اسٹیشن میں درج کرا دی گئی۔

متاثرہ اماراتی نے بتایا کہ اُس نے آن لائن ایک اشتہار دیکھا جس میں لکھا گیا تھا کہ ایک بزنس مین کو کسی سرمایہ کار کی تلاش ہے تاکہ وہ اپنے پیٹرولیم سروس کمپنی کے ٹریڈ لائسنس کی تجدید کروا سکے اور پھر اسے فروخت کر کے مناسب منافع حاصل کر سکے۔ جس پر میں نے 36 سالہ مصری بزنس مین نے رابطہ کر کے اُس کی کمپنی کا سرمایہ کار بننے میں دلچسپی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

جس پر ملزم نے اُسے اپنے ٹریڈ لائسنس کی کاپی واٹس ایپ پر بھیج دی۔ جب میں نے اُسے رقم بھیج دی تو اُس نے میری کالز اٹینڈ کرنا بند کر دیں۔ جس کے بعد میں نے ملزم کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرا دی۔ بعد میں جب اکنامک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں کمپنی کا ریکارڈ چیک کروایا گیا تو پتا چلا کہ اس نام کی کسی کمپنی کا کوئی وجود نہیں ہے۔ استغاثہ کی جانب سے دونوں افراد کے درمیان واٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو کو ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ مفرور ملزم کی غیر حاضری میں 28 مئی 2019ءکو سُنایا جائے گا جس میں ملزم کو سزا سُنائے جانے کا امکان ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں