دُبئی میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اورکیفے ٹیریاز کو اہم ہدایت کر دی گئی

دُبئی میونسپلٹی کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق کھانے پینے کی اشیاءپر اُن میں موجود کیلوریز کی مقدار ظاہر کرنا لازمی ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 مئی 2019 15:49

دُبئی میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اورکیفے ٹیریاز کو اہم ہدایت کر دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18 مئی 2019ء) دُبئی میونسپلٹی کی جانب سے ریاست میں موجود تمام غذائی مراکز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ آئندہ سے وہ اپنے ہاں تیار کردہ تمام فوڈ آئٹمز پر ان میں موجود کیلوریز کی مقدار درج کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس ہدایت کا مقصد عوام کو باخبر رکھنا ہے کہ وہ جو کچھ بھی ریسٹورنٹس اور فوڈ سٹالز سے کھا رہے ہیں اُس کی غذائی اہمیت کیا ہے اور اس خوراک کےاُن کی صحت پر کیا فوائد نقصانات مرتب ہوں گے۔

دُبئی میونسپلٹی امارات میں اس طرح کی ہدایت جاری کرنے والی پہلی اتھارٹی ہے ، امکان ہے کہ دیگر اماراتی ریاستوں میں بھی اس طرح کی عوام مفاد پر مبنی ہدایات متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔ دُبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داﺅد الحجری نے بتایا کہ کھانے کے لیے تیار خوراک پر کیلوریز کے اندراج سے عوام کو صحت مند غذا کھانے سے متعلق آگاہی ہو گی اور وہ مضر صحت خوراک کھانے سے بچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

لوگ کیلوریز کی مقدار جان کر اپنی صحت سے متوازن و متناسب خوراک کا انتخاب کریں گے۔ دُبئی میونسپلٹی کا یہ عزم ہے کہ عوام کو غذائی مراکز سے ملنے والی خوراک مزے دار ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے معیارات پر بھی پُوری اُترتی ہو۔اس حوالے سے کیفے ٹیریاز اور کیفیز کو نومبر 2019ءتک کی ڈیڈ لائن جاری کی گئی ہے۔ جبکہ ہوٹلز، کیٹرنگ مراکز اور ریسٹورنٹس کو اس ہدایت پر پابندی کے لیے جنوری 2020ءکا وقت دیا گیا ہے۔ اگر کوئی ریسٹورنٹس ، کیفے ٹیریا یا ہوٹل مقررہ مدت کے بعد بھی اس پابندی پر عمل نہ کرتا پایا گیا تو اُس پر بھاری جرمانہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں