دُبئی میں سوشل میڈیا پر جہاز کی تباہی کی خبر کی حقیقت کیا ہے؟

سول ایوی ایشن کی جانب سے خبر کی تردید آ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 مئی 2019 11:54

دُبئی میں سوشل میڈیا پر جہاز کی تباہی کی خبر کی حقیقت کیا ہے؟
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21 مئی 2019ء) اس وقت متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ دُبئی میں ایک جہاز گِر کر تباہ ہو گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس خبر پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے کہ یہ کونسا طیارہ تھا، اس میں کتنے لوگ سوار تھے اور اس کی منزل کہاں تھی؟ سوشل میڈیا پر طیارے کی تباہی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چُکی ہے۔

تاہم متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کو محض افواہ قرار دے کر ان کی تردید کر دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دُبئی میں آج یا کل کسی طیارے کو کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ سوشل میڈیا اکاﺅنٹ کے ذریعے اتھارٹی کی جانب سے تردید کرنے کے بعد عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ایوی ایشن سے متعلق کوئی بھی خبر پر آنکھیں بند کر کے یقین نہ کریں، اگر کسی خبر کی تصدیق کرنی ہو تو صرف سول ایوی ایشن کے مصدقہ ذرائع سے ہی پتا کریں۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے افواہ سازی کے عمل میں شریک نہ ہو۔ یہ ایک قابلِ سزا جُرم ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل دُبئی میں ایک چھوٹا نان کمرشل جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں عملے کے چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جن میں دو افراد کا تعلق برطانیہ اور دو کا جنوبی افریقہ سے تھا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں