دُبئی میں بس کو خوفناک حادثہ، 17افراد زندگی سے محروم ہو گئے

بس میں سوار مسافر اومان میں عید کی تعطیلات منا کر واپس آ رہے تھے جب حادثے کا شکار ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 جون 2019 10:46

دُبئی میں بس کو خوفناک حادثہ، 17افراد زندگی سے محروم ہو گئے
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،7 جُون2019ء) دُبئی کی شاہراہ شیخ محمد بن زاید روڈ پر ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 17 افراد دُنیا سے رخصت ہو گئے جبکہ پانچ افراد شدید زخمی حالت میں اسپتال میں پڑے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ رشیدیہ کے قریب پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس اومان سے واپس آرہی تھی جس میں سوار افراد عید کی تعطیلات منانے کے بعد واپس متحدہ عرب امارات آئے تھے کہ اس ہولناک حادثے کا شکار ہو گئے۔

یہ حادثہ گزشتہ روز شام 5بج کر 40 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس کی جانب ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک بس 31 افراد کو لے کر آرہی تھی۔ اچانک بس میٹرو سٹیشن کے نزدیک ایک ٹریفک سگنل سے جا ٹکرائی ۔

(جاری ہے)

حادثہ اتنا شدید تھا کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 17 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس بس میں بہت سے پاکستانی بھی سوار تھے۔ ایک پاکستانی فیروز عزیز پٹھان نے بتایا کہ اُس کا بھانجا بھی اس بس میں سوار تھا جس کے بارے میں ابھی تک کچھ پتا نہیں چل رہا کہ وہ کس حالت میں ہے۔ اسی طرح ایک اور پاکستانی طلحہ نے بھی بتایا ہے کہ اُس کے رشتہ دار میاں بیوی بھی اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔ مگر ابھی تک اسپتال والے اُن کے زخموں کی نوعیت کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کر رہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں