اماراتی عاشق نے اپنی غیر مُلکی محبوبہ کو جیل کی ہوا کھلا دی

مراکشی محبوبہ نے پیار کی پینگیں بڑھا نے کے بعد اماراتی شخص کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 جون 2019 14:10

اماراتی عاشق نے اپنی غیر مُلکی محبوبہ کو جیل کی ہوا کھلا دی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،8 جُون2019ء) دُبئی کی عدالت نے ایک خاتون کو اپنے عاشق کو بلیک میل کرنے کے جُرم میں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق 35 سالہ اماراتی شخص کی ملاقات ایک نائٹ کلب میں ناچنے والی ہم عمر مراکشی خاتون سے ہوئی۔ یہ ملاقات جلد ہی راز و نیاز سے بھری ملاقاتوں میں بدل گئی۔ اماراتی نے اپنی محبوبہ سے کہا کہ وہ ناچنے گانے کا گندا پیشہ اور شراب نوشی چھوڑ کر شریفانہ زندگی کی جانب آ جائے تو وہ اُسے شادی کر کے عمر بھر کے لیے اپنانے کو تیار ہے۔

خاتون نے اُس سے وعدہ تو کر لیا مگر اسے پُورا نہ کیا۔ کچھ عرصہ بعد اماراتی کو جب پتا چلا کہ مراکشی خاتون اُس سے جھوٹ بول رہی ہے اور ابھی تک اُس نے نائٹ کلب میں ناچنے کا دھندا نہیں چھوڑا تو اُس نے رقاصہ سے اپنا تعلق ختم کر لیا اور اپنا موبائل نمبر بھی بدل لیا ۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ عرصہ بعد خاتون نے اپنے سابقہ عاشق کے دوست سے رابطہ کر کے ڈھیر اصرار کے بعد اُس سے نیا نمبر حاصل کر لیا۔

مراکشی خاتون نے اماراتی کو فون کر کے کہا کہ وہ شدید مشکلات کا شکار ہے جس پر اُس نے پُرانی محبت کا احساس کر کے اُسے ساڑھے پانچ ہزار درہم بھجوا دیئے۔ تاہم خاتون نے چند روز بعد اُس سے پھر رقم کا تقاضا کیا۔ جب اماراتی نے اُسے انکار کیا تو مراکشی خاتون اپنی بلیک میلنگ پر اُتر آئی۔ اُس نے ملزم کے واٹس ایپ پر ایک پُرانی ویڈیو بھیجی جس میں دونوں پریمی آپس میں بوس و کنار اور دیگر رومانوی حرکات کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

خاتون نے دھمکی دی کہ اگر اُسے 54 ہزار اماراتی درہم نہ بھیجے گئے تو وہ اسی نوعیت کی درجنوں تصویریں اور ویڈیوز اُس کی بیوی کو بھیج دے گی۔ مراکشی خاتون نے اسی پر بس نہ کی بلکہ توہینِ مذہب پر مبنی پیغامات بھی واٹس ایپ پر بھیجے۔ جس پر اماراتی نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ عدالت نے ملزمہ کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے اُسے تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں