دُبئی: بیٹے کو اندھا ظاہر کر کے اُس سے بھیک منگوانے والے والدین گرفتار

رمضان المبارک کے دوران دُبئی پولیس نے مجموعی طور پر 128 بھکاری گرفتار کیے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 جون 2019 12:16

دُبئی: بیٹے کو اندھا ظاہر کر کے اُس سے بھیک منگوانے والے والدین گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12جُون 2019ء) دُبئی پولیس نے ایک ایشیائی جوڑے کو گرفتار کر لیا ہے جو اپنے 7 سالہ بچے سے زبردستی بھیک منگوانے کے قصور وار پائے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ والدین اپنے بچے کو اندھا ظاہر کر کے اُس سے روزانہ چھ گھنٹے چلچلاتی دھوپ میں بھیک منگوا کر ہزاروں درہم اکٹھے کر چُکے تھے۔یہ بے حِس والدین اپنی دو کم سن بیٹیوں سے بھی رمضان المبارک کے دوران خیرات مانگنے کا کام کرواتے رہے۔

دُبئی پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر جمال سالم الجلاف نے بتایا کہ ایک پولیس اہلکار نے فٹ پاتھ پر ایک چھوٹے بچے کو اس حالت میں دیکھا کہ وہ آسمان کی طرف گھُور رہا تھا۔ جب پولیس اہلکار نے اُس سے پُوچھا کہ اُس کے ساتھ کیا مسئلہ ہے تو اس پر بچے نے بتایا کہ وہ اندھا ہے۔

(جاری ہے)

مگر بچہ کچھ نروس دکھائی دے رہا تھا۔ پولیس اہلکار نے بچے سے کچھ دُور جا کر اُس کی مشکوک حرکات و سکنات پر نظر رکھنا شروع کی ۔

تھوڑی دیر بعد ایک شخص آیا اور اُسے اپنے ساتھ لے کر کہیں چل پڑا۔ پولیس اہلکار نے اُن کا پیچھا کیا اور اس شخص سے تفتیش کی تو پتا چلا کہ وہ اُس بچے کا والد ہے جو اُسے زبردستی اندھا ظاہر کر کے اُسے روزانہ کئی گھنٹوں تک بھیک منگوا رہا تھا۔ لوگ بچے کو اندھا سمجھ کر اُسے خیرات میں رقم دیتے رہے۔ بریگیڈیر جلاف نے کہا کہ مزید تفتیش سے انکشاف ہوا کہ یہ والدین پیشہ ور بھکاری ہیں۔

جو نہ صرف اپنے سات سالہ بیٹے بلکہ دو چھوٹی بیٹیوں سے بھی یہ مذموم فعل کروا رہے تھے۔ اگر بچے اپنے والدین کی جانب سے مجبور کرنے پر بھیک مانگنے سے انکار کرتے تو سنگ دِل والدین اُنہیں شدید مار پیٹ کا نشانہ بناتے۔ ان ظالم والدین کو یہ رحم بھی نہ آتا کہ امارات کی شدید گرمی میں بھیک مانگتے اُن کے بچوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ بریگیڈیئر جلاف نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران مجموعی طور پر دُبئی میں 128 بھکاری گرفتار کیے گئے ہیں۔ جن میں سوشل میڈیا کے ذریعے بھیک مانگنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارت میں بھیک مانگنے پر 3 ماہ قید اور پانچ ہزار درہم جرمانے کی سزا ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں