دُبئی پولیس نے اپنی والدہ کو دھمکیاں دینے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا

ملزم کی والدہ نے اپنے بیٹے کے دوست کو گھر سے نکل جانے کو کہا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 جون 2019 13:55

دُبئی پولیس نے اپنی والدہ کو دھمکیاں دینے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12جُون 2019ء) دُبئی پولیس نے ایک غیر مُلکی نوجوان کو اپنی ہی والدہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق 32 سالہ بے روزگار اومانی نوجوان اُس وقت شدید مشتعل ہو گیا۔ جب اُس کی والدہ نے اُس کے گھر میں موجود دوست کو گھر سے چلے جانے کو کہا تھا۔ نوجوان نے اس بات کا سخت بُرا مناتے ہوئے اپنی والدہ کو دھمکی دی کہ وہ اس گھر کو گیس سلنڈر سے دھماکہ کر کے اُڑا دے گا۔

اس کے بعد نوجوان نے گھر کے صحن میں کھڑی اپنی بہن کی دو گاڑیوں کی پچھلی جانب کی سکرین بھی توڑ دی۔ جب اس کے بعد بھی اُس کا غصّہ کم نہ ہوا تو اُس نے گھر میں موجود اپنی بہن کے 23 ہزار درہم بھی چُرا لیے۔ ملزم نے پولیس کے رُوبرو اعتراف کیا کہ اُس نے اپنی والدہ کو اس وجہ سے دھمکی دی تھی کیونکہ وہ اس وقت شدید غصّے میں تھا۔

(جاری ہے)

اُس نے گاڑی کی سکرینیں توڑنے کا بھی اعتراف کیا۔

تاہم بہن کے پیسے چُرانے کے الزام کو اُس نے مسترد کر دیا۔ عدالت میں پیشی کے دوران ملزم نے اپنے رویئے پر شدید پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کی اور صفائی پیش کی کہ اُس نے گھر سے کوئی رقم نہیں چُرائی۔ ملزم کی ماں نے عدالت کو بتایا کہ میرا بیٹا اپنے خاندانی گھر میں اپنے ایک دوست کو لے آیا۔ جس پر میں نے دوست سے کہا کہ وہ یہاں سے چلا جائے۔

اس بات پر میرا بیٹا شدید ناراض ہو گیا۔ اس نے میری بیٹی کی دو گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔ اور پھر ایک گیس سلنڈر اُٹھا کر میرے پاس لایا اور دھمکی دی کہ وہ اس کی مدد سے سارے گھر کو جلا کر راکھ کا ڈھیر بنا دے گا۔ ہم اس کی دھمکی پر شدید خوفزدہ ہو کر گھر چھوڑ کر چلے گئے اور اگلے دِن جب واپس آئے تو دیکھا کہ گھر کا دروازہ کھُلا تھا اور گاڑیوں کی پچھلی سکرینیں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ جب میں نے بیٹی کے کمرے میں موجود سیف کو چیک کیا تو اُس کا لاک ٹُوٹا ہوا پایا ۔ جس میں سے 23 ہزار درہم کی رقم غائب تھی۔ عدالتی کارروائی کے دوران ملزم کی ماں نے اپنے بیٹے کو اُس کے جُرم پر معاف کر دیا۔ تاہم عدالت کی جانب سے ملزم کی قسمت کا فیصلہ 27 جُون 2019ءکو سُنایا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں