دُبئی کے سکول میں نامعلوم خاتون کی جانب سے پھینکے گئے پیکٹ نے خوف و ہراس پھیلا دیا

والدین اپنے بچوں کو لینے کے لیے افراتفری میں اسکول کے باہر پہنچ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 جون 2019 11:55

دُبئی کے سکول میں نامعلوم خاتون کی جانب سے پھینکے گئے پیکٹ نے خوف و ہراس پھیلا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13جُون 2019ء) دُبئی کے علاقے الخیل میں واقع GEMS ولنگٹن اکیڈمی میں گزشتہ روز صبح کے وقت ایسا واقعہ پیش آیا جس نے دُبئی کے مکینوں میں خوف و ہراس کی شدید لہر دوڑا دی۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ صبح کے وقت ایک لاطینی خاتون سکول میں داخل ہوئی تھی جس نے چہرے پر میڈیکل ماسک پہن رکھا تھا، اس کے پاس صفائی سُتھرائی کا سامان اور پاﺅڈر سوپ بھی تھا۔

اس خاتون نے بتایا کہ وہ یہاں سکول کے صفائی سُتھرائی کے عملے کو ٹریننگ دینے کی غرض سے آئی ہے۔ یہ خاتون تو تھوڑی دیر میں واپس چلی گئی۔ تاہم سکول کی انتظامیہ اس خاتون کی جانب سے چھوڑے گئے ایک پیکٹ کو دیکھ کر بلاوجہ خوف زدہ ہو گئی اور تمام بچوں کے والدین کو فوری طور پر ٹیکسٹ میسج بھیجا کہ یہاں کوئی ایمرجنسی ہے، اس لیے اپنے اپنے بچوں کو واپس لے جائیں۔

(جاری ہے)

یہ ٹیکسٹ میسج ملتے ہی والدین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے اور فوراً سکول کی جانب دوڑے۔ حالانکہ پیکٹ میں موجود مواد کوئی آتش گیر مادہ نہیں تھا، بلکہ عام ڈٹرجنٹ پاﺅڈر تھا۔ مگر سکول والوں کی حماقت کی وجہ سے والدین شدید خوف کا شکار ہوئے اور کئی گھنٹوں تک تیز اور جھُلسا دینے والی گرمی میں اپنے بچوں کو گھر واپس لے جانے کے لیے سکول کے باہر اُن کا انتظار کرتے رہے۔ مگر سکول انتظامیہ کی جانب سے ایک ڈیڑھ گھنٹوں کے بعد والدین کو صحیح صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔ والدین کی جانب سے اسکول انتظامیہ کے اس رویئے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں