دُبئی: پولیس اہلکار کو رشوت کی آفر کرنے والے بھارتی شہری کو جیل ہو گئی

ملزم نے چھاپوں کی پیشگی اطلاع کی صورت میں ماہانہ 5 ہزار درہم بطور رشوت کی پیشکش کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 جون 2019 13:01

دُبئی: پولیس اہلکار کو رشوت کی آفر کرنے والے بھارتی شہری کو جیل ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،15 جُون 2019ء) عدالت نے ایک بھارتی شہری کو پولیس اہلکار کو رشوت کی پیش کش کرنے کے جُرم میں ایک سال قید کی سزا سُنا دی۔ 45 سالہ بھارتی شہری پر الزام تھا کہ اُس نے علاقے کے پولیس اہلکار کو تیس ہزار روپیہ رشوت کی آفر دی اور ساتھ دینے کی صورت میں ہر ماہ پانچ ہزار روپیہ بطور ’تنخواہ‘ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی۔

عدالت نے ملزم کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے 80 ہزاردرہم جرمانے اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا بھی دی۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ بھارتی شہری پولیس کے مخبر کے طور پر کام کرتا تھا۔المحیسنہ کے علاقے میں ہونے والے غیر قانونی کاموں کی اطلاع یہ شخص پولیس کو دیتا تو پولیس چھاپہ مار کر جرائم میں ملوث لوگوں کو گرفتار کر لیتی۔

(جاری ہے)

تاہم ایک روز اس شخص نے علاقے میں تعینات 32 سالہ اماراتی پولیس افسر کو فون کر کے کہا کہ اگر وہ آئندہ سے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارنا بند کر دے تو اسے بدلے میں معقول رقم دی جائے گی۔

ملزم نے پولیس افسر کو بات ماننے کی صورت میں 30 ہزار درہم کی آفر کی اس کے علاوہ یہ آفر بھی کی کہ اُسے پانچ ہزار درہم ماہانہ بطور تنخواہ بھی دیئے جائیں گے۔ اس کے بدلے پولیس اہلکار سے یہ رعایت مانگی گئی کہ جب بھی پولیس کی جانب سے کہیں پر چھاپہ مارنے کا ارادہ بنایا جائے تو وہ اُس کی پیشگی اطلاع کر دیا کرے۔ پولیس اہلکار نے اپنے افسرانِ بالا کو ساری صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا پلان بنایا۔ پولیس اہلکار نے ملزم کی آفر پر جھوٹ موٹ کی ہامی بھر کر اُسے ملاقات کرنے کو کہا۔ جیسے ہی ملزم نے رشوت کی رقم پولیس اہلکار کو تھمائی تو وہاں موجود دیگر پولیس اہلکاروں نے اُسے گرفتار کر لیا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں